ڈاکوؤں چوروں نے شہریوں کو لاکھوں کی نقدی زیورات اور گاڑیوں سے محروم کر دیا

ڈاکوؤں چوروں نے شہریوں کو لاکھوں کی نقدی زیورات اور گاڑیوں سے محروم کر دیا

  

 لاہور(کرائم سیل)شہر میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی ،زیورات ،کاروں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ مین بازار میں قلندر سپر سٹور سے چار ڈاکو خریداروں کے بھیس میں داخل ہو کر2 لاکھ نقدی لے اڑے،نواب ٹاؤن مین بازار میں ڈاکو ایک دکان سے گن پوائنٹ پر 20ہزار نقدی لے کر فرار ہو گئے۔گارڈن ٹاؤن کے علاقہ میں شہری علی حسن کے گھر میں مسلح ڈاکوؤں نے داخل ہو کر 7لاکھ مالیت کے زیورات اور 3لاکھ نقدی لوٹ لی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔کاہنہ میں دو ڈاکو ایک گھر سے 4لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔موچی پورہ کے علاقہ میں اے ٹی ایم سے رقم نکلواتے ہوئے شہری سعید کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور اس سے 90ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ماڈل ٹاؤن ایس بلاک میں 4ڈاکوؤں نے شہری جاوید کے گھر میں داخل ہو کر 8لاکھ امریکی ڈالر لوٹ لیے اسکے علاوہ گھر سے 3تولہ سونا بھی لے اڑے۔اسی طرح سے سبزہ زار میں ڈاکوؤں نے ایک دکان میں گھس کر اے سی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ علاوہ ازیں سبزہ زار میں شہری مختار کا کیری ڈبہ،غالب مارکیٹ میں تاجر چودھری طلال کی گاڑی،اقبال ٹاؤن سے سینئر صحافی اور کالم نگار سرور میر کی گاڑی، اقبال ٹاؤن گارڈن بلاک میں شہری طاہر کی موٹر سائیکل،نواب ٹاون میں شہری انصر کی موٹر سائیکل،ہربنس پورہ سے شہری زبیر کی موٹر سائیکل،مزنگ سے شہری قیصر کی موٹر سائیکل جبکہ باغبانپورہ کے علاقہ سے شہری اختر خان کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔ گارڈن ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ڈکیٹ خواتین کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فون اور اسلحہ برآمد کر لیا۔جبکہ اقبال ٹاون میں شہری چودھری بشیر کے گھر میں 4خواتین ڈکیٹی کی غرض سے داخل ہوئیں اہل خانہ کے شور مچانے پر دو فرار جبکہ دو کو پکڑلیا گیا۔پولیس نے ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

مزید :

علاقائی -