قومی ہیرو قراردیے جانیوالے پاکستانی باڈی بلڈر سلمان احمد کا فراڈ پکڑ اگیا
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی باڈی بلڈر نوید حسین نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ دنوں خبروں کی سرخیوں میں رہنے اور قومی ہیرو قراردیئے جانیوالے باڈی بلڈر سلمان احمدکے نیچرل باڈی بلڈر ہونے کے تمام دعوے جھوٹے ہیں اور جس مقابلے میں وہ شریک ہوئے اس میں ایک پاکستانی بنارس خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی لیکن سلمان احمد نے اپنے آپ کو ونر قراردیا۔سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں 2012ء میں مسٹر پنجاب کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے باڈی بلڈر نوید حسین نے کہا کہ سلمان احمد نے بالکل لائٹ کلاس میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جو کہ کوئی ایسی غیر معمولی بات نہیں۔نوید حسین نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ سلمان نے اپنی ویڈیوز اور انٹرویوز میں ہیوی ویٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بنارس خان جو کہ ہیوی ویٹ مقابلے میں پہلے نمبر پر رہے اور اور اپنے ساتھ شامل دیگر پاکستانی کھلاڑیو ں کا کہیں کوئی ذکر نہیں کیاجبکہ خود سلمان نے لائٹ ویٹ کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ سلمان نے انجکشنوں کے ذریعے اب تک صرف ایک مقابلہ جیتا ہے جبکہ سیالکوٹ ، جہلم سمیت مختلف شہروں میں ایسے بہت سے باڈی بلڈر موجود ہیں جنہیں سلمان انجکشن فروخت بھی کرتا رہا ،سلمان کا دنیا کے سب بڑے مقابلے میں شرکت کا دعویٰ بھی غلط ہے کیونکہ یہ دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ نہیں اور نہ ہی وہ اس میں پوزیشن حاصل کرنے والے اکیلے پاکستانی تھے ۔ان کا کہنا ہے کہ سلمان کےپاکستان اور پاکستانیوں بارے الزامات انتہائی شرمناک ہیں اور سلمان کا یہ کہنا کہ پوری دنیا میں باڈی بلڈر زکو ان کی حکومتیں سپورٹ کرتی ہیں بالکل جھوٹ ہے بلکہ عالمی سطح پر مقابلے جیتنےکے بعد انہیں کمپنیاں سپانسر کرتی ہیں،حکومت نہیں ۔نوید حسین نے سلمان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت سے مدد طلب کرنے سے پہلے خود کو اس قابل بنائیں اور پاکستان کا نام بدنام نہ کریں،سلمان کو میڈیا پر اپنے ملک کی عزت اچھالتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نجی ٹی وی پروگرام میں لندن سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ سلمان نے امریکہ میں جا کر سبز جھنڈا بلند کیا، وہ قوم کا بیٹا ہے، وطن واپسی پر سلمان کو گورنر ہاؤس بلاکر شاباش اور انعام دوں گا۔گورنرسندھ عشرت العباد نے بھی سلمان کو حتیٰ الامکان امدادکی یقین دہانی کراتے ہوئے گورنر ہاؤس سندھ آنے کی دعوت دی۔سلمان نے میامی میں ہونے والے Muscle mania universe مقابلے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئرکی تھی جس پر اس نے حکومت اور ہم وطنوں کی بے اعتنائی کا شکوہ کرتے ہوئے باڈی بلڈنگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
ماسٹر کیٹیگری میں پہلا انعام جتنے والے 'بنارس خان'