فرانس کا قومی دن اورفرنچ پاکستانی
فرانس کا قومی دن ہر سال 14 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن فرانس کی تحریک آزادی کا دن ہے۔ چودہ جولائی 1789ء میں عوام کے جم غفیر نے نئی راہیں متعین کیں اور یہ فیصلہ دیا کہ آئندہ سے فرانس کے عوام کو ان کے حقوق مکمل اور آزادانہ مل سکیں گے۔ فرانس آج دنیا کا ترقی یافتہ ملک ہے اور یہ صرف عوام کی محنت اور لیڈر شپ کی بدولت ممکن ہو سکا، پاکستان اور فرانس کے تعلقات میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی آتی گئی، لیکن فرانس نے پاکستان کو ہمیشہ اچھے دوست کی نظر سے دیکھا ہے۔ ایٹمی ری ایکٹر کا مسئلہ ہو یا پھر میراج طیارے اور ایٹمی آبدوز کی بات ہو، پاکستان کی سرحدوں اور دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے فرانس کا تعاون پاکستان کے لئے ہمیشہ اہمیت کا حامل رہا۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان سالانہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی تجارت ہوتی ہے ،جس سے دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور تعلیم کے میدان میں گزشتہ سالوں میں جو بہتری دیکھی گئی، اس سے پاکستان کو زیادہ فوائد کا حصول ممکن ہو سکے گا ، کیونکہ فرانس ایک ترقی یافتہ ملک ہے، یہاں عوام کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، یہاں بچوں کے لئے اچھے مستقبل کی نہ صرف اکائیاں مہیا کی گئی ہیں، یہاں کا کلچر ، یہاں کا تمدن، رہن سہن اور زبان اسے دنیا کے دیگر ممالک اور اقوام سے ممتاز بناتا ہے ۔
پاکستان میں فرانس کی سفیر مادام مارٹین ڈورینس نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان اور فرانس کے تعلق کو مزید بہتر کرنے کے لئے کام کیا ، اسی طرح پیرس میں موجود پاکستانی سفیر غالب اقبال نے بھی پاکستانی کمیونٹی کی جس طرح مددکی اور جس طرح فرانس میں پاکستانیوں کو مزید عزت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔پاکستان کا سفارت خانہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے کام کر رہا ہے اور اس میں پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ جس طرح یہاں پیرس میں فرانس کا قومی دن جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جبکہ خاص طور پر شانزے لیزے سٹریٹ جو ایک اعشاریہ نو کلومیٹر لمبی ہے۔ یہاں ہونے والی قومی پریڈ اسے دنیا بھر میں ممتاز کرتی ہے ، جس طرح قومی پریڈ کا اہتما م کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا جا تا ہے کہ فرانسیسی قوم آج دو سو ستائیس سال گزرنے کے باوجود اپنی آزادی کی تقریب کو اتنے ہی شایان شان انداز سے مناتی ہے، جتنا کسی قوم کو اپنی آزادی سے محبت ہونا چاہیے۔
آج دو سو ستائیس سال گزرجانے کے باوجود یہ تاریخ ایک شایان شان طریقے سے منائی جاتی ہے جس میں پورے یورپ سے منفرد تاریخی ملٹری پریڈ کو دیکھنے کے لئے جہاں فرانس کے صدر موجود ہوتے ہیں، وہیں فرانس کے عوام کا جم غفیر اور پھر یورپ اور بیرونی دنیا سے ہزاروں افراد صرف اس پریڈ کو دیکھنے کے لئے پیرس کا رخ کرتے ہیں جو 1880ء سے ہر سال 14جولائی کی صبح شانزے لیزے پر منعقد ہوتی ہے اور روائتی انداز میں شام تک تقریبات جاری رہتی ہیں۔ فاتے ڈی لاء فیڈریشن کی بات کریں تو اس تاریخی جشن میں فرانس کے گلی کوچے برقی قمقموں سے رنگین کئے جاتے ہیں ، خاص کر پیرس شہر کو دلہن کی طرح سجادیا جاتاہے ، جبکہ باستل ڈے کا اختتام روائتی آتش بازی سے ہوتا ہے جو دن کے اختتام پر ایفل ٹاور کے مقام پر ہوتا ہے۔ باستل ڈے کی اگربات کریں تو یہ صرف فرانس کا تہوار نہیں رہ گیا بلکہ اب یہ دنیا بھر میں روائتی جوش و جذبے سے منایا جانے لگا ہے، امریکہ کی پچاس سے زائد ریاستوں میں باستل ڈے کو تاریخی انداز میں منایا جاتا ہے، ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں انسٹی ٹیوٹ ڈی فرانس کے تعاون سے دو روزہ تقریبات کا انعقادکیا جاتاہے۔ لندن میں بیٹرس سی پارک اور کیمڈن ٹاؤن اور سنٹرل لندن میں خاص طور پر اس دن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، ساؤتھ افریقہ، ہنگری، جاپان، کینیڈا، اٹلی،چیک ری پبلک اور بلجیم میں باسٹل ڈے، خاص طور پر فرانسیسی عوام کی خوشی اور آزادی کی تقریبات کو شایان شان منایا جانا ایک روایت بن چکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے باسٹل ڈے کو منایا جا رہا جس میں پاکستان میں موجود فرنچ سفارتحانے کا خاصا عمل دخل ہے اور اس کے لئے خاص انتظامات کر رہا ہے، اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتحانے نے بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کر رکھا ہے۔ فرانس کی پاکستان میں سفیر عزت مآب مادام ماغنتین دوغنس اس تقریب کے لئے خاص تیاریاں کئے ہوئے ہیں اور دیگر ممالک کے سفیروں کو بھی خاص تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ دیگر اقوام بھی فرنچ عوام کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہو سکیں۔ پاکستان میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں فرنچ عوام سے دوستی کے اظہار کے لئے اس دن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی پاکستان فرانس بزنس کونسل اور پاکستان فرانس بزنس الائنس سمیت یونیفائیڈ میڈیا کلب اور گرین سیو فاونڈیشن بھی فرانس کے قوم دن کو فرانسیسی عوام کی خوشیوں میں شریک ہو کر خاص طور پر منانے کے لئے اہتمام کئے ہوئے ہیں جو پاک فرانس تعلقات میں مستقبل کئے لئے ایک اچھا شگون ہے۔