ملک میں سینما انڈسٹری پھر فروغ پارہی ہے:رائمہ خان

ملک میں سینما انڈسٹری پھر فروغ پارہی ہے:رائمہ خان
ملک میں سینما انڈسٹری پھر فروغ پارہی ہے:رائمہ خان

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ و پرفارمر رائمہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر سے سینما انڈسٹری فروغ پارہی ہے۔ ملک بھرمیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سینما گھربنائے جارہے ہیں لیکن ان سینما گھروں میں ہالی ووڈ فلموں کے مقابلے بالی وڈ فلموں کوزیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔رائمہ خان نے بتایا کہ ایک طرف توسینما مالکان اورامپورٹرز کی خواہش ہے کہ وہ بھارتی فنکاروں کی فلمیں سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کرکے زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کریں لیکن دوسری جانب فلم بینوں کی وہ بڑی تعداد اب ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے سے محروم ہے جوآج بھی ماضی کی طرح ہالی ووڈ کی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ، ایکشن، رومانوی، کامیڈی اورہارر فلمیں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ جہاں غیرملکی فلمیں امپورٹ کرنے و الے ادارے بھارتی فنکاروں کی فلمیں امپورٹ کرنے کوترجیح دے رہے ہیں ، وہیں انھیں ہالی ووڈکی بہترین فلمیں بھی ضرور امپورٹ کرنی چاہئیں۔رائمہ خان نے کہا کہجس طرح پاکستانی سینما گھروں میں بالی ووڈ ستاروں کی فلمیں دکھائی جارہی ہیں، اسی طرح ہالی ووڈ فلمیں بھی معمول کے ساتھ لگائی جائیں۔ 70 سے لے کر 90 کی دہائی تک امپورٹ قوانین کے تحت لائی جانے والی ہالی ووڈ فلموں کی پاکستانی فلموں کے ساتھ نمائش ہوتی رہی ہے اورفلم بینوں کی کثیر تعداد پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ معمول کے مطابق انگریزی فلمیں بھی دیکھا کرتی تھی۔

رائمہ خان نے کہا کہ عیدالفطر، عیدالاضحی، جشن آزادی سمیت دیگرتہواروں کے موقع پرسینما مالکان کی کوشش ہوا کرتی تھی کہ ہالی ووڈ کی ایسی فلمیں نمائش کیلئے پیش کی جائیں جن کو دیکھنے کیلئے فلم بین اپنی فیملیز کے ہمراہ سینماگھروں کارخ کریں۔

مزید : کلچر