نئی نسل قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل کرے،سعدیہ راشد

نئی نسل قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل کرے،سعدیہ راشد

لاہور (جنرل رپورٹر) نئی نسل قائداعظمؒ ، علامہ اقبالؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے افکارونظریات کا مطالعہ اوران پر عمل کرے ۔ یہ وطن بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور یہ ہمارے بزرگوں کی امانت ہے ۔ ہمیں وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 20ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر حکیم محمد سعید شہید کی صاحبزادی اور چیئرپرسن ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد، معروف دانشورو تجزیہ کار سلمان غنی، ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ سعدیہ راشد نے کہا بچے ہمارا مستقبل ہیں لہٰذا وہ جہد مسلسل اور بھرپور عزم و ہمت سے کام لے کر اس ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دی گئیں۔

اب اس ملک کی ترقی‘ اس کی آزادی کی حفاظت اور اسے صحیح معنوں میں مشاہیر تحریک آزادی کی خواہشات کے مطابق بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ قومی پرچم کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ممتاز صحافی سلمان غنی نے کہا کہ یہ ملک مسلمانان برصغیر کی تاریخ ساز جدوجہد کے نتیجے میں ایک نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا یاد رکھیں جس قوم و ملک کا نظریہ زندہ رہتا ہے اسے کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا ۔ اس وطن کے حصول کی خاطر ہمارے آباواجداد نے جان ومال کی لازوال قربانیاں دیں۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہمیں اس وطن عزیز کی اپنے گھر کی طرح حفاظت کرنی ہے۔

سعدیہ راید

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...