ووٹر جمہوریت کی عزت کے لئے ایم ایم اے کا ساتھ دیں،لیاقت بلوچ

ووٹر جمہوریت کی عزت کے لئے ایم ایم اے کا ساتھ دیں،لیاقت بلوچ

لاہور(سٹی رپورٹر) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 لاہور سے امیدوار لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ووٹرز اپنی اور جمہوریت کی عزت و سیاسی جمہوری نظام کو کرپٹ مافیا سے نجات دلانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ، کتاب پر مہر لگائیں ، ووٹ کی طاقت کو اپنی طاقت بنائیں اور باعزت و باوقار بن جائیں ۔ اپنے حلقہ انتخاب میں جامع مسجد بلال کالونی ، مسجد مدینہ شجاع روڈ ، مسجد دارالسلام چوہدری کالونی میں نمازیوں سے گفتگو، کلفٹن کالونی ، الحمد کالونی ، غوثیہ کالونی اور خیبر بلاک ، علامہ اقبال ٹاؤن میں کارنر میٹنگز اور خواتین اور یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زندگی سستی اور کفن دفن مہنگا ہو گیاہے ۔ایم ایم اے کا پیغام ہے کہ اچھے لوگ آئیں گے۔

اور عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپنی قیادت کا استقبال اور احتجاج ہر پارٹی کا آئینی جمہوری حق ہے ۔کارکنان کی بلاجواز گرفتاریاں حکومتوں کو کبھی بھی راس نہیں آئیں ۔ آج جس صورتحال کا سامنا مسلم لیگ ن کو ہے ، وہ اپنا بویا ہی کاٹ رہے ہیں ۔ سیاسی جمہوری استحکام کے لیے آئین کی بالادستی ، جمہوریت اور پارلیمان کو عزت دی ہوتی تو لاقانونیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ کارکنان کو فوری رہا کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل قومی سیاست میں توازن ، وقار اور برداشت کا کلچر لانا چاہتی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1