پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کے انعقاد کا اعلان

پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کے انعقاد کا اعلان

کراچی (یو این پی)پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی نے پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا، لیگ کے انعقاد کا مقصد محبت اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے پیغام کو فروغ دیناہے۔ رائیونڈ لاہور میں قائم ہائیر پاکستان کے ہیڈ آفس میں ہونے والی پروقار تقریب میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی ، وفاق المدارس ال سلفیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد یاسین ظفر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حافظ محمد نعمان حامد، سیکرٹری کیتھولک بشپ کانفرنس پاکستان فادر ندیم فرانسس اور سکھ کمیونٹی لیڈر سردار کلیان سنگھ نے زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہرایا کہ پشاور زلمی صرف ایک کرکٹ فرنچائز نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ اور زلمی فاؤنڈیشن کے ذریعے یوتھ اینڈ ویمن امپاورمنٹ کے ساتھ امن کے فروغ اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے لیے بھی کوشاں ہے۔ زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کا انعقاد اس جانب پہلا اور بڑا اہم قدم ہے۔ چیئرمین جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ کھیلوں کے ذریعے پوری دنیا میں امن کے پیغام کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور زلمی مدرسہ لیگ کے ذریعے مدارس کے طلبا کو کرکٹ کی جانب لایا جائے گا اور کھیلوں کے ذریعے جہاں مدرسوں کے طلبا کو بہترین غیر نصابی سرگرمی میسر آئے گی وہیں مذہبی رواداری کو بھی فروغ ملے گا۔ پشاور زلمی کے تحت زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ میں تمام مسالک کے مدارس کے طلبا حصہ لیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی