گوجرانوالہ،2 منشیات فروش گرفتار

گوجرانوالہ،2 منشیات فروش گرفتار

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود کے احکامات کے پیش نظر منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں چوکی فرانسس آباد، تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان گرفتار کر کے شراب کی چالو بھٹی پکڑی ہے ۔ موقع سے دو ملزمان گرفتاراور شراب کے 09ڈرم برآمد ۔ ملزمان میں احسان اللہ مغل سکنہ مستریاں کھیالی اور احمد رضا مغل سکنہ ٹاور روڈ شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعودنے عید کی آمد کے سلسلہ میں ایس پی ڈویژنز کو خصوصی احکامات جاری کئے کہ منشیات بالخصوص شراب کی نقل و حمل اور فروختگی و خریداری کے حوالے سے خصوصی چیکنگ کی جائے ۔ اس سلسلہ میں ایس پی سول لائنز وقار شعیب انور نے ڈی ایس پی افتخار احمد کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرانوالہ سید قیصر عباس کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دے کر علاقے میں گشت کو موثر بنایا اور مخصوص مقامات پرناکہ بندی کی۔

اسی دوران پولیس نے مخبری کی بناء پر ملزمان کو زیر حراست لیا اور ان کی نشاندہی پر چھینہ کالونی میں شراب کی چالو بھٹی پکڑی ۔ ملزمان کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی گئی تو معلوم ہوا کہ ملزمان عید کے موقع پر شراب کو فروخت کرنے کے لئے سٹاک کر رہے تھے ۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ آلات کشید کا ری ا ور بھاری مقدار میں شراب برآمد ہونے پر علاقے کے لوگوں نے سی پی او کو خراج تحسین پیش کیا ۔ سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے پولیس پارٹی کو شاباش دی اور نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا ا علان کیا ۔

مزید : علاقائی