عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہو گی : سراج الحق

عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہو گی : سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ، جو لوگ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی سرمایہ لوٹیں ، ان کو ووٹ دینے سے ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوسکتی، ووٹرز ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں ، انتخابات میں غریبوں سے دوستی کے دعوے کرنے او ر الیکشن کے بعد پانچ سال تک حلقے کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے عوامی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میدان کمبڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے حلقہ پی کے 17 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سعید گل اور پی کے 16 کے امیدوار اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام سے ہی نہیں ملک سے بھی بے وفائی کی اور جس طرح عوام کے اعتماد کو بار بار ٹھیس پہنچائی ، اسی طرح ملک کے نظریے سے غداری کر کے ملک کو دولخت کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام لٹیروں کا محاسبہ کرنے اور انہیں ایوانوں کی بجائے جیلوں میں پہنچانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، علاج ، روزگار اور چھت کی سہولتیں دینا ایم ایم اے کی ترجیحات میں شامل ہے ۔پاکستان کو اس کی نظریاتی شناخت سے محروم کرنے کی سازش ہورہی ہے ۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار اور امریکی غلام پاکستان کو اسلام سے دور کر کے اسے ایک لبرل و سیکولر اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -