کارکنوں کواستقبال سے روکنے کیلئے صرف کرفیو لگانا رہ گیا ‘مشاہد حسین سید

کارکنوں کواستقبال سے روکنے کیلئے صرف کرفیو لگانا رہ گیا ‘مشاہد حسین سید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ کارکنوں کو نواز شریف کے استقبال سے روکنے کیلئے صرف کرفیو لگانا رہ گیا اس کے علاوہ تمام ہتھکنڈے استعمال کر لئے گئے ،انتظامیہ غلطیاں ضرور کرے لیکن اب پرانی کی بجائے نئی غلطیاں کی جائیں،سیاستدانوں کا احتساب عوام کر سکتے ہیں اور انہیں ہی یہ کام کرنے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی رہنما پرویز رشید ،مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر شاہ محمد اور دیگر کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لاہور کو مکمل طور پر بلاک کردیا گیا ہے،اس کا مقصد (ن) لیگ کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچانا ہے۔لاہور میں صرف کرفیو لگانا رہ گیا ہے اس کے علاوہ تمام ہتھکنڈے استعمال کر لئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے استعمال نہیں کرنے چاہئیں جس سے انتخابات متنازعہ ہوں ۔آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے ساتھ بھی غلط کیا جاررہاہے ۔ سیاستدانوں کو عوامی عدالت میں جانے دیں ، سیاستدانوں کا احتساب عوام کر سکتے ہیں اور وہی کریں گے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ جس طرح آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو رعایت ملی ہے وہی رعایت مسلم لیگ (ن )کے امیدوارقمر الاسلام راجہ کو کیوں نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں سوا سو سے زائد دن سماعت ہوئی ۔ ایک دن میں دواور تین سماعتیں بھی ہوئیں ، نواز شریف او رمریم ہر سماعت پر موجود تھے۔ ان کی وجہ سے ایک دن بھی عدالت کوکارروائی نہیں روکنا پڑی ۔پاکستان یا دنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی کہ ایک عدالت ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھرنا ون کے لئے لاہور سے سفر کا آغاز کیا تھا اور سب نے دیکھا کہ عمران خان کس طرح گھنٹوں لاہور کی سڑکوں پر دندناتے پھرتے رہے۔ کیا کسی نے عمران خان کو روکا یا ان کے سفر میں کوئی رکاوٹ ڈالی،انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب میڈیا کا سامنے کرتے ہوئے گھبراتے کیوں ہیں ۔ گزشتہ دو روز سے لاہور میں جو حشر مچا ہوا ہے اس کی ذمہ داری کیوں قبول نہیں کرتے ۔نواز شریف کو انتخابات کو چوری سے روکنے کی سزا دی جارہی ہے۔
مشاہد حسین/پرویز رشید

مزید :

صفحہ اول -