نیول چیف کاپاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان

نیول چیف کاپاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں، سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو اس موقع پر پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکیورٹی کی موجودہ مجموعی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے قیام سے حساس سمندری علاقوں اور تنگ راستوں پر بحری دہشت گردی ، بحری قذاقی، منشیات ، اسلحے اور انسانی اسمگلنگ جیسے خطرات سے قومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ نیول چیف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ماحولیات بالخصوص سمندری ماحول کے تحفظ اور سمندروں کے بھرپور استعمال کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی اور ساتھ ہی ساتھ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی وسائل کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گی۔ مانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے جس میں تمام چیفس آف اسٹاف، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا دفاعی زاویے سے جائزہ لیتے ہیں۔

Back to Conversion Tool