’’15جولائی ‘‘ترکی میں جمہوریت کی فتح کا دن ہے :ترک قونصل جنرل

’’15جولائی ‘‘ترکی میں جمہوریت کی فتح کا دن ہے :ترک قونصل جنرل

کراچی (مبشرمیر)ترکی کے عوام نے عوام کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے عظیم جدوجہد کرکے ’’15جولائی‘‘ کا دن یادگار بنادیا ۔دو سال قبل چند افراد جن کا تعلق آرمڈ فورسزسے تھا انہوں نے ترکی کے عوام کی امنگوں کے برعکس تسلط قائم کرنے کی کوشش کی جسے عوامی مزاحمت نے کامیاب نہ ہونے دیا ۔فتح اللہ گولن کی تنظیم نے شدت پسندی سے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی لیکن عوام نے اس کو مسترد کردیا ۔ان خیالات کا اظہار کراچی میں ترکی کے قونصلیٹ جنرل "Tolga Ulak"نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام آج بھی اپنی فوج سے پیار کرتے ہیں بلکہ اس دن بھی خواتین اپنے فوجی جوانوں کو قتل و غارت سے روکنے کی کوشش کرتی رہیں ۔ہمارے ادارے پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں وہ چند افراد کا گروہ تھا جنہوں نے مذموم کوشش کی تھی ۔قونصل جنرل ترکی کا کہنا تھا کہ فتح اللہ گولن نے اپنے اسکولز اور اداروں کے ذریعہ خود کو ’’امام ‘‘منوانے کی کوشش کی تاکہ اس کے حکم پر سرتسلیم خم کرنے والے افراد اکٹھے ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کا نظریہ عوامی پذیرائی حاصل نہیں کرسکا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ترکی اور امریکہ فتح اللہ گولن کے معاملات پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ہم نے اپنا موقف امریکی انتظامیہ کو دیا ہے ۔ہم اقوام متحدہ میں بھی اپنے نقطہ نظر کو آگے بڑھارہے ہیں ۔قونصل جنرل کے مطابق پاکستان سمیت متعدد ممالک میں فتح اللہ گولن کے ادارے اور اسکولز حکومتی کنٹرول میں ہیں اور باقاعدہ کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ’’ 15جولائی‘‘کو جمہوریت کی فتح کے دو سال مکمل ہوں گے ۔آج کا ترکی پہلے سے بہت بہتر ہے ۔کیونکہ عوام نے بڑی قربانیوں کے بعد جمہوریت کو بچایا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...