چارٹرآف ڈیمانڈ سے ملازمین کو فائدہ ہوگا،حسن محمد رانا

چارٹرآف ڈیمانڈ سے ملازمین کو فائدہ ہوگا،حسن محمد رانا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی سی ایل ایمپلائز یونین سی بی اے کے سیکریٹری جنرل حسن محمد رانانے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل انتظامیہ کو پیش کئے جانے والے چارٹر آف ڈیمانڈ سے کسی اور کو نہیں بلکہ تمام اسٹاف کو فائدہ پہنچے گا۔ ملازمین پی ٹی سی ایل چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی سی ایل کراچی آفس سے پی ٹی سی ایل ایمپلائز یونین کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل ایمپلائز یونین سی بی اے کے صدر زاہد امام اور چیئرمین سردار اورنگزیب سمیت یونین کے دیگر عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سی بی اے یونین کے سیکریٹری جنرل حسن محمد رانا نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل نکات پوری دلیل اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پیش کئے گئے ہیں، جن میں گورنمنٹ پے اسکیل کے فوری نفاذ جبکہ 2017ء کے پے اسکیل کو غیر قانونی قرار دینے، ملازمین کو ادارے کے 12 فیصد شیئرز مفت فراہم کرنے، عدالتی حکم پر بحالی کے بعد 313 ٹریڈ یونین ورکرز کو ڈیوٹی پر واپس لینے، مختلف پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے، میڈیکل سہولیات میں اضافے اور علاج کے لئے رقم بڑھانے، 100 ملازمین کو ہر سال حج پر بھیجنے، دوران سروس انتقال کرنے والے ملازم کے ورثاء کو 25 لاکھ روپے دینے کے علاوہ بیٹا یا بیٹی کو نوکری دینے کے علاوہ بیوہ کو 60 سال تک پوری تنخواہ مع انکریمنٹ سمیت تدفین کے لئے اخراجات کی حد بڑھانے اور دوران سروس معذور ہونے والے ملازم کو ریٹائرمنٹ تک پوری دینے، ملازمین کو اوور ٹائم ، موٹر سائیکل کی فراہمی، پیٹرول کی حد اور مینٹی ننس الاؤنس بڑھانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔ پی ٹی سی ایل انتظامیہ ہمارے ان مطالبات پر غور کررہی ہے۔ تمام ملازمین اس کی منظوری کے لئے دعا کریں۔