کراچی ،پی ٹی آئی کی ضلع وسطی میں انتخابی مہم میں تیزی

کراچی ،پی ٹی آئی کی ضلع وسطی میں انتخابی مہم میں تیزی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کراچی کے ضلع وسطی میں انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی طرف سے حلقہ این اے 254 کے نامزد امیدوار اسلم خان اوکھائی میمن جماعت کے ہیڈ آفس گئے اور صدر عبدالرازاق کھوسہ اور وائس چیئرمین یاسین کریہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے الیکشن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقعے پر اوکھائی میمن جماعت کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے اسلم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے راستے کی ہر رکاوٹ کو دور کرنا جانتی ہے۔ اگر سابق حکمرانوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہوتا تو عوام انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے لیکن ن لیگ اور پی پی والے عوام کے درمیان شرمندہ ہوتے پھر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے عمران خان کے ویڑن کے تحت عوام کی خدمت کریں گے۔ الیکشن مہم کے حوالے سے ہی پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کراچی کے ضلع غربی میں حلقہ این اے 248کے نامزد امیدوار سردار عبدالعزیز اور پی ایس 113 کے نامزد امیدوارشاہنواز جدون نے یوسی 45 یونٹ آفس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب نے ایک جلسے کی صورت اختیار کر لی جس سے سردار عبدالعزیز نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران پی ٹی آئی رہنما سردار عبدالعزیز نے کہا کہ لوگوں کو پی ٹی آئی سے جتنا دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے، لوگ ہمارے اتنا ہی قریب آتے ہیں۔ چیئرمین عمران خان کے خلاف جتنا بھی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، سب جھوٹ پر مبنی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف عوامی امنگوں کے مطابق بھاری مینڈیٹ سے کامیاب ہوگی۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ووٹنگ کے دن پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دے گا۔ کوئی اگر روک سکتا ہے تو روک کر دکھائے۔پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم ضلع کورنگی میں بھی جاری و ساری ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 239 پی ایس 92 شاہ فیصل گرین ٹاؤن یوسی 12 وارڈ 4 کے آفس کا افتتاح کیا گیا۔ جس میں این اے 239 کے نامزد امیدواراکرم چیمہ اور پی ایس 92 سے نامزد امیدوار عابد جیلانی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اکرم چیمہ کا کہنا تھا کہ ہر بار عوام کو دھوکہ دینا ایک دقت طلب کام تھا جو پی پی اور ن لیگ نے کر کے دکھایا۔ ہم دھوکے اورلوٹ مار کی حکومت کے خلاف ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ملک کی فلاح وبہبود کے لیے مل کر کام کریں۔ سیاستدانوں کو عوامی رائے کا احترام کرنا چاہئے۔ دوسری جانب ضلع کورنگی میں ہی پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 241 کے نامزدامیدوارفہیم خان نے کورنگی یوسی 32 گلزار کالونی پی ایس 98 کی کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گلزار کالونی کی مارکیٹوں اور ہوٹلوں میں عوام میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے۔اس دوران مختلف افراد اور پی ٹی آئی کارکنان سے بات چیت کے دوران فہیم خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آکر رہے گی۔ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ الیکشن کو سبوتاڑ کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔ ن لیگ نے وفاق اور پی پی نے سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج مچا رکھا تھا۔ خدا نے عوام کو ان کے جبر و ستم سے نجات دی۔ اس کے لیے عوام خدا کا جتنا بھی شکر ادا کریں، کم ہے۔ پاکستان تحریک انصاف لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک باقاعدہ منصوبہ رکھتی ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس کراچی اور سندھ کے مسائل کا کوئی حل نہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر