سیسی کی سی بی اے کے چارٹرآف ڈیمانڈ کی منظوری

سیسی کی سی بی اے کے چارٹرآف ڈیمانڈ کی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگران صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل اور اقلیتی امور چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سائمن جون ڈینئیل نے سندھ سوشل سیکورٹی کی اسٹاف یونین (سی بی اے) کے پیش کردہ چارٹرآف ڈیمانڈ کی منظوری کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے سیسی ہیڈآفس میں منعقدہ 30ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقلی کے تقرر نامے دینے کی تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی ڈاکٹرنسیم الغنی سہتو، ممبرگورننگ باڈی سیسی عبدالواحد شورو، وائس کمشنر شاہ محمدشاہ، میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرممتازشیخ، سیسی کی CBA اسٹاف یونین کے صدرملک نوید خان اور ادارے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر سائمن جون ڈینئیل نے اپنے خطاب میں کہاکہ میرے لئے دہری خوشی ہے کہ میں گریڈ2 کے 30ایسے ملازمین جو زائدعمر کے سبب مستقل ہونے سے رہ گئے تھے، آج انہیں گورننگ باڈی کے فیصلے کے مطابق مستقلی کے تقرر نامے جاری کئے جارہے ہیں دوم یہ کہ جولائی 2017 سے تعطل کا شکار ملازمین کا چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کرنے کا اعلان کررہا ہوں تاکہ ملازمین کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سوشل سیکورٹی ،محکمہ محنت کا سب سے اہم ادارہ ہے جو تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو مالی فوائد اور طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی کوشش ہونی چاہئے کہ مسائل کو کم وقت میں حل کیا جائے اور ہر شخص اپنی ذمہ داری تن دہی جانفشانی اور ایمانداری سے انجام دے کراور ادارے کو بہتری کی جانب گامزن کرے۔ ممبرگورننگ باڈی عبدالواحد شورو نے کہاکہ ہمارے لئے سب سے اہم یہ ادارہ ہے۔ سیسی کی سی بی اے مبارکباد کی مستحق ہے جس نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ملازمین کی بہتری اور ان کے جائز حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہاکہ محنت کشوں کے فنڈ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے ہم سب کو مل کر جہاد کرنا ہوگا۔ کمشنر سیسی ڈاکٹرنسیم الغنی سہتو نے کہا کہ سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی ترمیمی ایکٹ2018 میں آجر اور اجیر کی نمائندگی 40,40 فیصد کردی گئی ہے جبکہ حکومت کی نمائندگی صرف 20فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے اس ایکٹ کی تیاری میں ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینفٹ محترمہ تسنیم سعید کی کوششوں کو سراہا اور کہاکہ اس ترمیمی ایکٹ کے ایک ایک جز کو بڑی باریک بینی اور مشاہدہ کے بعد ڈرافٹ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں اسٹاف یونین (CBA) سیسی کے صدر ملک نوید نے مستقل ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے چارٹرڈآف ڈیمانڈ منظور کرنے پر نگران صوبائی وزیر اور کمشنر سیسی کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں نگران صوبائی وزیر نے 30ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقلی کے تقرر نامے تقویض کیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر