امیدواروں کی غیر معمولی سکیورٹی یقینی بنائی جائے ،آئی جی سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے کوئٹہ مستونگ سیاسی پارٹی کے رہنما کے قافلے پر حملے کے تناظر میں سندھ پولیس کو الیکشن 2018 کے سلسلے میں اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مذید ٹھوس اور غیرمعمولی بنانے کے احکامات جاری کیئے ہیں۔انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ انتخابی جلسوں ریلیوں کارنر میٹنگ اور اس ضمن میں منعقدہ مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی مانیٹرنگ اور سپرویژن کا متعلقہ ایس ایس پیز کو ناصرف پابند بنایا جائے بلکہ اس حوالے سے باقاعدہ مکتوب کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ایس ایس پیز ضلعی لیول جبکہ ایس ڈی پی اوز ڈویژنل اور تھانہ ایس ایچ اوز عام انتخابات2018 کے شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد اور اس موقع پر حفاظتی انتظامات کی اہمیت اور ضرورت کو پیش نظر رکھ کر انتخابی امیدواران سے روابط کو مربوط بنائیں اور عوام الناس میں پولیس سے سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کی بابت باقاعدہ شعور اجاگری مہم کے آغاز کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہرسطح پر یقینی بناتے ہوئے انتخابی امیدواران سے تمام تر تعاون کی یقین دہانی لی جائے اور اس حوالے سے امیدواران کے جلسوں ریلیوں اور کارنر میٹنگز کے مواقعوں پر سیکیورٹی اقدامات کو عین ضابطہ اخلاق کی ترجیحات اور تقاضوں کو سامنے رکھ کر یقینی بنایا جائے۔