یکہ توت خودکش دھماکہ کے زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

یکہ توت خودکش دھماکہ کے زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختون خواہ کی نگراں صوبائی حکومت کی طرف سے یکہ توت بم دھماکے کے نتیجے میں ایل آر ایچ میں زیر علاج زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔زخمیوں میں چیک صوبائی وزراء نے تقسیم کئے۔نگراں وزیر اعلی خیبر پختون خوا دوست محمد نے یکہ توت بم دھماکے میں شہید اور زخمی افراد کو فی الفور امداد کی ہدایات جاری کی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے نگراں وزیر صحت اکبر جان مروت،وزیر اطلاعات ظفر اقبال بنگش اور وزیر کھیل رشید خان نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ دورہ کیا اور زخمیوں میں دو دو لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور عمران حامد شیخ بھی موجود تھے۔صوبائی وزراء نے اس موقع پر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور انکی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔صوبائی وزراء نے ایل آر ایچ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہر قسم طبی سہولیات فراہم کی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔صوبائی وزراء نے زخمی افراد کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کے اس گھڑی میں صوبائی حکومت انکے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خلاف انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر