غلام احمد بلور کا اندرون شہر دورہ ،سانحہ یکہ توت کے متاثرین سے اظہار تعزیت

غلام احمد بلور کا اندرون شہر دورہ ،سانحہ یکہ توت کے متاثرین سے اظہار تعزیت

پشاور (سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے سانحہ یکہ توت کے شہداء کے گھروں پر حاضری دی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہدا کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے، حاجی غلام احمد بلور ہارون بلور شہید کے ساتھ جان کی قربانی دینے والوں کے گھر پہنچے اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہید ہونے والوں کی رہائشگاہ گئے ، سٹی صدر ملک غلام مصطفی ،جنرل سیکرٹری سرتاج خان ،ممتاز خان اور دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے ، حاجی غلام احمد بلور نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اے این پی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے،انہوں نے کہا کہ ہارون بلور شہید اور اس کے ساتھیوں نے امن کیلئے جو قربانی دی وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی ، انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی کو دیوار سے لگانے کیلئے دہشت گرد ایک بار میدان میں ہیں تاہم ہمیں دہشت گردی سے ڈرا کر جھکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے تمام شہدا کی مغفرت ،زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر