ڈیرہ ، سینی ٹیشن سٹاف کی تنخواہ کی عدم ادائیگی کیخلاف ہڑتال

ڈیرہ ، سینی ٹیشن سٹاف کی تنخواہ کی عدم ادائیگی کیخلاف ہڑتال

ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)ٹی ایم اے ڈیرہ کی طرف سے واساکے سینی ٹیشن سٹاف کوایک ماہ کی تنخواہ چند دن گزرنے کے بعدنہ ملنے پرسٹاف نے واساکے ذمہ داران کے نوٹس میں لائے بغیرہڑتال کردی‘شہراورمضافاتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ‘نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی کا گنداپانی گلیوں اورسڑکوں پر جمع ہوگیا ‘ہڑتالی سٹاف نے صفائی کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کوچلنے سے روک دیا‘چیف ایگزیکٹوواسا احسان اللہ محسود نے مسئلہ کے حل کی کوششیں شروع کردئیں۔تفصیلات کے مطابق تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ کی طرف سے واٹراینڈسینی ٹیشن سروسزکمپنی کے عملہ صفائی کوصرف ایک ماہ کی تنخواہ چند دن گزرنے کے بعدنہ ملنے پرسینی ٹیشن سٹاف نے واسا کے ذمہ داران کو معاملے کونوٹس میں نہ لائے بغیرہڑتال کردی ہے ۔ ہڑتال کے باعث اندرون شہر،بنوں روڈ، مریالی ،عیدگاہ روڈ، درابن روڈ، ڈیال روڈ،فلک آبادسمیت دیگرعلاقوں میں گندگی کے ہر طرف ڈھیر لگ گئے ہیں۔ بدبواورتعفن پھیلاہواہے ۔نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی کاگنداپانی باہر نکل رہاہے ۔ ٹی ایم اے ذرائع کے مطابق واساسینی ٹیشن عملہ کوصرف ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کرنی تھی جوصرف چند دن تک نہیں مل سکی تھی۔اس تنخواہ کی ادائیگی چند دن کے اندر ہوجانی تھی جس کی یقین دہانی عملہ کو کرائی گئی لیکن عملہ نے یکطرفہ طورپرہڑتال کردی جوزیادتی ہے ۔ چیف ایگزیکٹوواسااحسان اللہ محسود نے معاملے کی نزاکت کے پیش نظرہڑتال کے خاتمے اورتنخواہ کی ادائیگی کیلئے اپنی کوششوں کا آغازکردیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر