مستونگ دھماکہ، شہدا کی تعداد 133 ہوگئی، 150 افراد زخمی،بلوچستان سمیت ملک بھر کی فضاسوگوار ،وفاقی حکومت نے اتوار کو ’’یوم سوگ ‘‘ منانے کا اعلان کر دیا

مستونگ دھماکہ، شہدا کی تعداد 133 ہوگئی، 150 افراد زخمی،بلوچستان سمیت ملک بھر ...
مستونگ دھماکہ، شہدا کی تعداد 133 ہوگئی، 150 افراد زخمی،بلوچستان سمیت ملک بھر کی فضاسوگوار ،وفاقی حکومت نے اتوار کو ’’یوم سوگ ‘‘ منانے کا اعلان کر دیا

  

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے جلسے میں حملے میں سراج رئیسانی سمیت 133 افراد شہید، جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں،دہشت گردی کےاس المناک واقعہ میں 128 افراد کی شہادت کے خلاف بلوچستان سمیت ملک بھر میں سوگ کا سماں ہے ،سانحہ مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے ملک کے بیشتر شہروں میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے،سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت کی جانب سے 2 روزہ سوگ جبکہ وکلاء برادری کی جانب سے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ، واقعے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں اضافی سیکیورٹی بھی تعینات کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والےافراد کی تعداد 133 تک جا پہنچی ہے  جبکہ 150سے زائد زخمیوں میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے،نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے سٹیج پر پہنچ کر تقریر کا آغاز ہی کیا تھا کہ دھماکا ہوگیا ۔اس المناک واقعہ میں 128 افراد کی شہادت کے خلاف بلوچستان سمیت ملک بھر میں سوگ کا سماں ہے جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے المناک سانحہ پر  2 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ تمام سرکاری عمارتوں میں قومی پرچم سر نگوں ہیں ، نگران وفاقی حکومت نے پشاور اور مستونگ میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں پر اتوار کو ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ10 جولائی کو پشاور اور 13 جولائی کو مستونگ اور بنوں میں ہونے والے دھماکوں پر اتوار کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا۔

دوسری طرف آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سراج رئیسانی کو ’’پاکستان کا سپاہی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک محب وطن پاکستانی کھو دیا ہے جسے ہمیشہ پاکستان کے لیے خدمات کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔پاک فوج کے سربراہ نےکوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ادھر وزیرِاعظم ناصر الملک اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی مستونگ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت دیگر افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امدادی دینے کے احکامات جاری کیے ہیں

ہسپتال ذرائع کے مطابق مستونگ واقعے میں شہادتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث سول ہسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے میں میتیں رکھنے کی جگہ کم پڑگئی ہے اور مردہ خانے کے علاوہ شعبہ حادثات میں بھی میتیں رکھی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ نواب زادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے جب کہ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی تھے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی مستونگ دھماکا خود کش قرار دیا ہے جبکہ بی ڈی ایس کے مطابق دھماکے میں 16 سے 20 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے مستونگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیر اعلی بلوچستان، آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے تمام امیدواروں کو بلاامتیاز سیکیورٹی فراہم کرنے انتخابات کے ماحول کو پر امن اور سازگار بنانے کی ہدایت کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔

بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ علاو الدین مری نے مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات انتخابات کرانے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور سانحہ درینگڑھ میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید نوابزادہ سراج رئیسانی محب وطن سیاستدان تھے اور وہ ملک میں استحکام پیدا کرنے کے لیے کام کررہے تھے جب کہ وہ قومی اتحاد اور ملک کی سلامتی کے علمبردار تھے۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے سانحہ مستونگ پر 3 دن کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی سرگرمیاں معطل کردیں۔ پارٹی کے سربراہ جام کمال کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کاجلسہ منسوخ کردیا گیا ہے ، سراج رئیسانی محب وطن رہنما تھے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ