نگران وزیراعظم نے ایسا کام کر دیا کہ پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے مسئلے حل ہو جائیں گے، بڑی خوشخبری آ گئی

نگران وزیراعظم نے ایسا کام کر دیا کہ پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے مسئلے حل ہو ...
نگران وزیراعظم نے ایسا کام کر دیا کہ پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے مسئلے حل ہو جائیں گے، بڑی خوشخبری آ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ کی رفتار نوجوان نسل کا سب سے بڑا مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔ اب نگران وزیراعظم ناصر الملک نے ایسا کام کر دیا ہے کہ نوجوانوں کا یہ مسئلہ تو حل ہو جائے گا۔ انگریزی اخبار ایکسپریس ٹربیون کے مطابق وزیراعظم ناصرالملک نے گزشتہ روز پاک چائنہ آپٹیکل فائبر کیبل پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا ہے جس سے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کی تیزرفتارفراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس منصوبے سے پہلی بار پاکستان میں فرسٹ ہینڈ لینڈ بیسڈ کنیکٹویٹی (First hand land-based connectivity))دستیاب ہو سکے گی اور پاکستان کا سمندری کیبل پر انحصار بہت کم ہو جائے گا، جس کے آئے روز کٹ جانے سے انٹرنیٹ صارفین کو کوفت کا سامنا رہتا ہے۔اس منصوبے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور ہواوے (Huawei)نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔اس منصوبے پر 4کروڑ 40لاکھ ڈالر(تقریباً5ارب روپے) لاگت آئی ہے جس کا 85فیصد چین کاایگزم بینک (EXIM Bank)بطور قرض فراہم کیا ہے۔اس منصوبے کی ملکیت سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے پاس ہے جبکہ اس کا ای سی پی کنٹریکٹر ہواوے ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا کہ ’’ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجیز کی ترقی ضروری ہے، پاک چائنا آپٹیکل فائبر کیبل پراجیکٹ سے پاکستان کو زمینی کیبل سے رابطہ کاری کی سہولت ملے گی اور اس کا سمندری کیبل پر انحصار کم ہو گا۔ یہ منصوبہ 2 سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے، اس میں راولپنڈی سے خنجراب تک 820 کلومیٹر طویل زیر زمین آپٹیکل فائبر کیبل اور کریم آباد تا خنجراب 172 کلومیٹر فضائی آپٹیکل فائبر کیبل کے مواصلاتی انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کی بڑی قدر کرتا ہے جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔‘‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ’’ آپٹیکل فائبر کیبل سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے 9 منصوبوں میں سے ایک ہے اور دونوں ملک سی پیک کو ڈیجیٹل کوریڈور میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔‘‘ اس موقع پر سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عامر عظیم باجوہ نے تقریب کے شرکاء کو منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور ایس سی او، چائنہ ٹیلی کام گلوبل اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے مابین تعاون کی دو دستاویزات پر بھی دستخط کئے گئے۔