افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کرسکتا ہے 

افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کرسکتا ہے 

واشنگٹن(آئی این پی) چین، روس اور امریکہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے بات چیت کا عمل افغانوں پر مشتمل ہونا چاہئے۔اس اعلامیہ میں قیام امن کیلئے حکومت اور افغان عوام کے درمیان مذاکرات کے فوری آغاز پر بھی زور دیا گیا ہے۔ بیجنگ میں افغان امن عمل کے حوالے سے 10اور 11جولائی کو اجلاس ہوا جس میں پاکستان، چین، روس اور امریکی حکام نے شرکت کی۔چاروں ممالک نے افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور چار ملکی افغان عمل میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا گیا۔مشترکہ اعلا میہ میں کہا گیا اس بات پر دو رائے نہیں کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اجلاس میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان پرامن معاہدے کا ایسا بنیادی ڈھانچہ جلدازجلد تیار کیا جائے گا جو افغان عوام کو قابل قبول ہو۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام ممالک افغانستان میں سیز فائر کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں مذاکراتی دور بھی ہوں گے۔چاروں ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرا افغان مذاکرات شروع ہوتے ہی دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے پر غور ہوگا۔

افغان امن عمل

مزید : صفحہ آخر