نیوز اینکر قتل کیس،گواہ عمر ریحان کا بیان ریکارڈ مزید انکشاف سامنے آگئے

نیوز اینکر قتل کیس،گواہ عمر ریحان کا بیان ریکارڈ مزید انکشاف سامنے آگئے

کراچی(این این آئی)کراچی میں قتل ہونے والے نجی ٹی وی کے نیوزاینکر مرید عباس کی اہلیہ نے واقعہ کی ایف آئی آر پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔واقعہ کے عینی شاہدعمر ریحان نے پولیس کو اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ عمرریحان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ عاطف زمان نے اسے کال کرکے کہا کہ مرید کولے آؤاس کی فائل کلوزکرنی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیوز اینکر سمیت دو افراد کے قتل کیس میں نیا موڑ آگیا ہے۔ مرید عباس کی اہلیہ نے واقعہ کی ایف آئی آر پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ ان کے وکیل کے مطابق ملزم نے دیگر لوگوں کو ڈرانے کے لئے کارروائی کی،خودکشی کی کوشش ڈرامہ تھی، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات لگنی چاہئیں۔واقعہ کے عینی شاہدعمر ریحان نے پولیس کو اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ میں اور مرید عباس عاطف کے دفترمیں بیٹھے تھے، وہ بعد میں آیا، عاطف زمان نے آتے ہی بغیرکوئی بات کہے فائرنگ کر دی،عاطف زمان نے مجھے بھاگنے کو کہامیں گھبرا کر وہاں سے نکل گیا۔خیال رہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں جس شخص سیڑھیوں سے گرتا ہوا دکھائی دیتاہے، وہ عمر ریحان ہی ہے۔پولیس کے مطابق عمر ریحان کا 2017 سے عاطف زمان سے رابطہ تھا، یہ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔پولیس نے خود تفتیش کے لئے پیش ہونے والے ملزم عاطف زمان کے ڈرائیور ندیم کو ابتدائی بیان کے بعد حراست میں لے لیاہے۔ ندیم نے بتایا کہ عاطف کچھ دن سے پرتعیش زندگی گزار رہا تھا۔مزیدبر اں نجی ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل میں مزید اہم پیشرفت سامنے آگئی، 50 لاکھ کے تنازع سے شروع ہونیوالی رقم ایک ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ملزم عاطف زمان نے برطانوی خاتون کے بھی 17 کروڑ روپے دینے تھے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں اینکر مرید عباس کا قتل معاملے کی تہہ تک پہنچنا پولیس کے لئے چیلنج بن گیا، تفتیشی حکام نے مزید شواہد اکھٹے کرلیے، کیس میں مزید انویسٹرز کا انکشاف ہوا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزم عاطف زمان نے برطانوی شہریت رکھنے والی خاتون سے بھی رقم لی تھی، خاتون مختلف چینلز میں اینکر بھی رہ چکی ہیں، برطانوی خاتون کے 17 کروڑ روپے عاطف نے دینے تھے،ادھر تفتیش حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں پانچ افراد کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، تین کاروباری شراکت داروں کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کیس میں ملوث ملزم عدنان زمان کی گرفتاری کے لیئے تفتیشی ٹیم کسی بھی وقت بالاکوٹ روانہ ہوگی۔

اینکر قتل کیس

مزید : صفحہ آخر