ڈی آئی جی آپریشنزکی پولیس خدمت مرکز گریٹر اقبال پارک کی افتتاحی تقریب کامیاب بنانے پر افسر و اہلکاروں کو شاباش
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے پولیس خدمت مرکز گریٹر اقبال پارک اور موبائل پولیس خدمت مراکز کی افتتاحی تقریب کامیاب بنانے پر لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کو شاباش دی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے تقریب کے بعد انتظامی کمیٹی کے افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری پولیس فورس کیلئے بڑی نیک نامی کا دن ہے۔ لاہور پولیس کوعوامی خدمات کے شعبہ میں پھر سبقت حاصل ہوئی ہے۔
منجمد فنڈز کی بحالی اور ہیلتھ کارڈ کے اجراء کیلئے لاہور پولیس کا مقدمہ شاندار طریقے سے حکومت پنجاب کے سامنے پیش کرنے پر آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کے شکر گزار ہیں۔ یہ کامیابی تمام افسران اور اہلکاروں کی ٹیم ورک اور شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔اشفاق خان نے مزید کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز لاہوراسماعیل الرحمٰن کھاڑک، ایس پی ہیڈ کوارٹرزسید کرار حسین، ایس پی سکیورٹی لاہورمحمد نوید، ایس پی سٹی سید غضنفر علی اورتمام متعلقہ پولیس افسران و اہلکار وں نے تقریب کامیاب بنانے کیلئے انتھک محنت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے فوکل پرسن خدمت مراکزاے ایس آئی توقیر، ایم ٹی او عبداللہ اور نائب قاصد سوار خان کیلئے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کارِ خیر میں خصوصی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام افراد کی حوصلہ افزائی کریں گے۔