چارسدہ میں پولیس اور اشتہاریوں میں فائرنگ 1 گرفتار
چارسدہ (بیو رو رپورٹ) خانمائی میں پولیس اور اشتہاریوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ۔ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم سید احمد پولیس مقابلے میں ہلاک کر دئیے گئے جبکہ فائرنگ سے ایک اشتہاری عثمان زخمی ہو گئے۔پولیس نے زخمی اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ خانمائی کے حدود افضل آباد میں اے این پی کے تحصیل ناظم گوہر ایوب کے حجرے میں اشتہاری مجرمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا تو اشتہاریوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر پولیس نے جوابی کاروائی کر تے ہوئے ایک اشتہاری مجرم سید احمد ولد صاحب شاہ کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ سے ا س کا دوسرابھائی عثمان زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی اشتہاری مجرم عثمان کو گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان اللہ خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ دونوں اشتہاری قتل اور اقدام کے مقدمات میں عمر زئی پولیس کو مطلوب تھے۔ اشتہاریوں کی موجودگی کے حوالے سے مصدقہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا تو اشتہاریوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں ایک مجرم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ دوسری طرف مجروح اشتہاری مجرم عثمان نے زخمی حالت میں میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے براہ راست ان پر فائرنگ کی اور ان کے دو بھائیوں کو پہلے بھی قتل کیا گیا ہے۔