رینجرز کا ملزمان کی نشاندہی پر گلشن معمار میں چھاپہ،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

رینجرز کا ملزمان کی نشاندہی پر گلشن معمار میں چھاپہ،اسلحہ اور گولہ بارود ...

کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے لیاری گینگ وار کے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گلشن معمار میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیاہے، ملزمان کو جوڑیا بازار میں تاجر کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔رینجرز ترجمان کے مطابق کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد عرف مرچی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔رینجرز نے قتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتار کیا تھا۔دورانِ تفتیش ملزم نوید اقبال کے انکشافات کی روشنی میں لیاری گینگ وار کے سرگرم کارندوں اور اسلحے کے بارے میں دی گئی معلومات کی بنیاد پر رینجرزنے گلشنِ معمار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن، ہینڈ گرنیڈ، کمیونیکیشن آلات اور دیگر سامان بر آمد کرلیا۔برآمد کیے گئے اسلحے میں 5کلاشنکوف،2 ایم پی 5رائفلیں، ایک ماؤوزر مع سائلنسر،3 نائن ایم ایم، ایک یونین بیرل راکٹ لانچر، 32بور ماؤزر، 2 گلاک پستول، 11 گرنیڈ، ایس ایم جی کے 23 میگزین، ایم پی فائیو کے 14 میگزین، گلاک کے 8 میگزین، نائن ایم ایم کے 20 میگزین،30 بور پستول کا ایک میگزین شامل ہے۔اس کے علاوہ برآمد کیے گئے اسلحے میں نائن ایم ایم کے440راؤنڈ، 32بور پستول کے120راؤنڈ، 30بور پستول کے 20 راؤنڈز، ایس ایم جی کے 1000 سے زائد راؤنڈز، 4 واکی ٹاکی سیٹ، ایک سی ڈی پلیئر، 2 وائی فائی راوٹرز، موبائل فون کے 5 کی پیڈ، 6 یو ایس بیز اور32 سی ڈیز کے علاوہ دیگر متفرق سامان بھی شامل ہے۔رینجرز ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شر پسند عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز کی چیک پوسٹ پر اطلاع دیں یا رینجرز کے ہیلپ لائن نمبر 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر بذریعہ ایس ایم ایس رابطہ کریں۔

مزید : صفحہ اول