حالات اتنے خراب ہیں کہ تاجر برادری ہڑتال پر مجبور ہو گئی ہے، مصطفی کمال 

حالات اتنے خراب ہیں کہ تاجر برادری ہڑتال پر مجبور ہو گئی ہے، مصطفی کمال 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ اب کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ تاجر برادری پڑتال کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ حکومت کو کاروبار دشمن پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی ہوگی ورنہ ملک بحرانوں سے نکلنے کے بجائے مزید مشکلات سے دو چار ہو جائے گا۔ حکومت کو دور اندیشی سے کام لینا ہوگا۔ ٹیکس جمع کرنے کے لیے کاروبار تباہ کرنا عقل مندی نہیں، عارضی طور پر شاید حکومت زیادہ ٹیکس جمع کر لے لیکن مستقبل میں اس کا ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو گا اور آنے والی حکومتوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاس میں اراکینِ نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ابھی سے آئندہ انتخابات کی بھرپور تیاری کرے اور پارٹی کا منشور لوگوں تک پہنچائے۔ 21 جولائی کے جلسے کے بعد بھرپور طریقے سے عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔ پی ایس پی سیاست میں نوجوانوں کو بھرپور موقع دے گی کیونکہ جب تک قابل اور باکردار نوجوان سیاست میں آکر ملک کی باگ ڈور نہیں سنبھالیں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ پارٹی کے تمام ذمے داران گھر گھر پیغام لے کر جائیں اور نئے لوگوں کو تنظیم میں زیادہ موقع فراہم کریں۔

مزید : صفحہ اول