ملتان میں چھاپے،تاجر میاں طارق،فیصل طارق گرفتار

ملتان میں چھاپے،تاجر میاں طارق،فیصل طارق گرفتار

ملتان (وقائع نگار) احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا ویڈیو سیکنڈ ل منظر عام پر آنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مذکورہ ویڈیو سیکنڈل کے ملتان میں موجود مرکزی کردار مشہور تاجر میاں طارق اور اس کے بیٹے فیصل طارق کو تفتش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے،ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جج وڈیو سکینڈل کا مرکزی کردار میاں طارق مبینہ طور پر صرف ملتان میں 10سے زائد مقدمات میں مطلوب ہے،میاں طارق لوگوں سے فراڈ، دھوکہ دہی اور متعدد مقدمات میں مطلوب ہے،ملتان پولیس کی جانب سے ایک تفصیلی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں میاں طارق کو عادی مجرم قرار دیا گیا جو مکانوں کے قبضے، جعلی اسٹامپ پیپرزپر معاہدے سامنے آئے ہیں۔ میاں طارق کے پیپلز پارٹی کے ایک معروف قانون دان اور سنیٹر سے بھی قریبی تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ  ججز کی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والے میاں طارق کے منشیات گروہ سے تعلقات بھی ہے، 20/11/2001 کی صبح شمس آباد کالونی میں اے۔ این۔ ایف نے چھاپہ مار کر میاں طارق کے بھائی میاں ادریس اور ملک مشتاق عرف بلیک پرنس کو گرفتار کر کے گھر سے 5500 کلو چرس برآمد کی اور تھانہ  اے۔ این۔ ایف نے 09/01کے تحت مقدمہ درج کیا۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملک مشتاق عرف بلیک پرنس منشیات کی دنیا کا بے تاج بادشاہ تھا۔میاں طارق نے اس وقت ملتان میں تعینات ایڈیشنل سیشن جج ارشد ملک کی عدالت میں  اے۔ این۔ ایف  کیخلاف گھر میں گھسنے کا استغاثہ دائر کیا،میاں طارق نے جج ارشد ملک سے ملاقات کی اور نجی محفل سجائی،نجی محفل میں جج ارشد ملک۔اور جج ثنا اللّٰہ کی رقص و سرور کی ویڈیو بنائی گئی، میاں طارق نے اسی ویڈیو کی مدد سے اپنے بھائی میاں ادریس اور ملک مشتاق عرف بلیک پرنس کو اس مقدمہ سے بچایا اور دیگر لوگوں کے کام کیلیے بھی پیسے پکڑنے شروع کر دیے، اے۔ این۔ ایف کے مقدمہ کے ملزمان سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی عدالت سے 2008 میں ضمانت پرہوگئے تھے،میاں طارق نے مبینہ طور پر 5500 کلو چرس جلوا دی اور مدعہ ہی ختم کروا دیا، کورٹ سے ضمانت کے بعد کیس دبا دیا گیا اور آج تک دوبارہ نہ لگ سکا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیب عدالت اسلام آباد کے سابق جج ارشد محمود کی ملتان کی وائرل ہونے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے جج ارشدملک کی ویڈیو لیک کی تھی جس پر نہ صرف زبردست ہلچل پیداہوئی بلکہ مذکورہ جج کو عہدے سے ہٹاکر واپس وزارت قانون بھیج دیا گیا تھا اسی جج کے حوالے سے متنازعہ ویڈیو سکینڈل کے حل کے حوالے سے کی جانیوالی کوششوں کے دوران ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں ملتان کے تاجر میاں طارق اور بیٹے فیصل طارق کو واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو سکینڈل

مزید : صفحہ اول