افغانستان میں پرتشدد کارروائی ایک امریکی فوجی ہلاک

  افغانستان میں پرتشدد کارروائی ایک امریکی فوجی ہلاک

کابل(این این آئی)افغانستان میں ایک پرتشدد واقعے کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی مارا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتے کو نیٹو فورسز نے ہلاکت کی تصدیق کر دی، تاہم مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی زیر سربراہی ریزولیوٹ سپورٹ مشن نے ہلاک ہونیوالے فوجی کی شنا خت ظاہر کی نہ واقعے کی تفصیلات بتائیں کہ وہ کس علاقے میں اور کیسے مارا گیا،جبکہ کسی عسکری تنظیم نے بھی اس فوجی کی ہلاکت کی ذمہ دار ی قبول نہیں کی۔رواں سال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ گزشتہ ماہ بھی طالبان کے ایک حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ 2018 میں افغانستان میں مختلف حملوں میں 12 امریکی فوجی مارے گئے تھے۔ایک طرف تو امریکہ اور طا لبا ن کے درمیان جنگ بندی کیلئے مذاکرات جاری ہیں، دوسری طرف حالیہ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔رواں ہفتے منگل کو ایک انٹرویو میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا تھا امریکہ اور طالبان کے در میا ن مذاکرات میں 4 میں سے تین نکات پر اتفاق ہوگیا جن میں جنگ بندی، بین الافغان مذاکرات، افغانستان سے امریکی اتحادی افواج کا انخلا ء اور افغان سرزمین کی امریکہ اور اتحادیوں کیخلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی شامل ہیں۔

امریکی فوجی

مزید : صفحہ آخر