کراچی:پولیس نے گمشدہ قیمتی سامان تاجر کے حوالے کر دیا

کراچی:پولیس نے گمشدہ قیمتی سامان تاجر کے حوالے کر دیا

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کی ایئرپورٹ پولیس نے لندن پلٹ پاکستانی تاجر کے گمشدہ دو ہزار پاونڈز، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان تلاش کرکے واپس کردیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا تاجر عبدالروف   11جولائی کو لندن سے عمان ایئرلائن کی پرواز ڈبلیو وائی 325 سے کراچی پہنچا تھا۔عبدالروف نے رات11بجے پارکنگ میں تمام سامان کار میں منتقل کیا اور موبائل پر گفتگو کے دوران وہ ایک بیگ ٹرالی میں ہی بھول گیا اور کار میں سوار ہو کر اپنے گھر کے لئے روانہ ہوگیا۔پولیس کے مطابق گھر پہنچ کر چھوٹا سفری بیگ کار میں نہ پاکر عبدالروف گھر سے واپس کراچی ایئرپورٹ آیا۔ کافی تلاش کے باوجود بیگ نہ ملا تو عبدالروف نے ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر بیگ چوری ہونے کی اطلاع دی۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق چھوٹے سفری بیگ میں دو ہزار پاونڈ، نیا آئی فون اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا، اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری تلاش شروع کردی۔ایس ایچ او ایئرپورٹ انسپکٹر کلیم موسی نے بتایا کہ پولیس نے بیگ تلاش کرنے کے لئے کراچی ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی، پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کے معائنے کے دوران ایک جیپ سوار شخص کو ٹرالی سے بیگ اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ جدید طریقے سے اس جیپ کا نمبر اور پتہ حاصل کرکے پولیس ملیر کے علاقے رفاع عام سوسائٹی میں گھر پہنچ گئی۔ایس ایچ او ایئرپورٹ کے مطابق اہل خانہ نے بتایا کہ گاڑی کی مالک خاتون انتقال کرچکی ہے، اہل خانہ نے جیپ اپنے ہی کسی جاننے والے شخص کو فروخت کر دی تھی۔ ان کی مدد سے پولیس نے دوسرے گھر کا سراغ لگایا اور کوشش کے دوران بیگ لے جانے والے شخص کو پکڑ کر تمام سامان برآمد کرلیا۔ایس ایچ او کلیم موسی کے مطابق سفری بیگ سمیت ملنے والے دو ہزار پاونڈ، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان پولیس نے تاجر عبدالروف کے حوالے کردیا۔بھاری رقم، موبائل فون اور سامان ملنے پر عبدالروف نے ملزم کو معاف کرکے رہا کرا دیا۔ایس ایچ او کلیم امام نے بتایا کہ تاجر عبدالروف کی جانب سے ایئرپورٹ تھانے کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے جبکہ پولیس نے تاجر کی جانب سے انعام لینے سے بھی معذرت کرلی۔

مزید : صفحہ آخر