گورنر سندھ سے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ملاقات 

گورنر سندھ سے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ملاقات 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شعبہ صحت،موذی امراض کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی ضروریات اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسپتالوں میں دورحاضر سے ہم آہنگ طبی آلات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور عملہ کی تربیت کے لئے مختلف پروگرامز شروع کرنے پر بھی بات چیت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری مہم سے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں اور بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تھر کے علاقوں میں طبی سہولیات ناکافی ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے گور نر سندھ کو بتایا کہ موجودہ حکومت مخیر افراد کے تعاون سے مختلف موذی امراض کے خاتمہ کے لئے مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں یکساں طبی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے وژن پر گامزن ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ کے لئے بھی صحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کیا جارہا ہے۔ 

مزید : صفحہ آخر