’ اپوزیشن میں یہ دم نہیں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی صورتحال پر تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

’ اپوزیشن میں یہ دم نہیں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی صورتحال پر تہلکہ خیز ...
’ اپوزیشن میں یہ دم نہیں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی صورتحال پر تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی،اپوزیشن جماعتوں میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے ہٹانے کا دم خم نہیں ہے،صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن جماعتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی،انتشار اور افراتفری کی سیاست کی علمبردار اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہیں،اپوزیشن جماعتوں کو منفی ہتھکنڈوں سے توبہ کر لینی چاہیے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدرا نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کو پروان چڑھایا ہے،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایوان کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے،تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے وقت کی راگنی ہے،اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات کی خاطر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتمادلائی ہیں،22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جمہوری اور پارلیمانی روایات کے مطابق ایوان کی کارروائی چلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیا جائیگااورپاکستان تحریک انصاف اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی نے سینیٹ کی چیئرمین شپ کے عہدے کا حق ادا کیا ہے،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کے منفی حربوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کیلئے صرف عمارتیں کھڑی کیں اور عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے عوام کی سہولت کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں،ہماری ترجیح انسانی وسائل کی پائیدار ترقی ہے اور ہم نے وسائل کا رخ عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب موڑ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کو تعلیم، صحت اور صاف پانی مہیا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ہماری حکومت عوام کو یہ حق واپس کرے گی،سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال کر پاکستان کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو تباہ کیا گیا،ماضی میں پالیسیاں بناتے ہوئے عوامی ترجیحات اور قومی مفادات کو فراموش کیا گیا،گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں سرائیت خرابیوں کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے،ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح اور ملک کے مفاد کیلئے فیصلے کر رہے ہیں،مشکل وقت ختم ہونے کو ہے اور اچھا وقت دروازے پر دستک دے رہا ہے اور پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔