تین دن سے بھوکے بیٹے کیلئے دودھ کا انتظام نہ کرپانے پر ماں نے اپنے ہی ہاتھوں سے اس کا گلا گھونٹ دیا
لکھنﺅ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش میں غربت کی ستائی ایک ماں نے تین دن سے بھوکے بیٹے کیلئے دودھ کا انتظام نہ ہوپانے پر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق اتر پردیش کے ضلع قنوج کے علاقے چھبرا مو میں یہ غربت اوربے بسی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شاہد عرف کالو نامی شخص کچھ روز قبل روزگار کی تلاش کیلئے ممبئی گیالیکن اپنے تین بچوں اور بیوی کیلئے کچھ بھی چھوڑ کر نہ جاسکا۔ اس کی بیوی رخسار اپنے تین بچوں کے ساتھ اس انتظار میں رہی کہ کب اس کا شوہر پیسے بھیجے گا لیکن پیسے نہیں آئے۔
گھر میں فاقوں کا یہ عالم تھا کہ رخسار کا8 ماہ کا بیٹا تین دن سے بھوکا تھا۔ بے بسی کی تصویر بنی ماں اسے پانی پلا کر بہلانے کی کوشش کرتی رہی لیکن جب بچہ بھوک سے بے بس ہو کر رو رو کر ہلکان ہوا تو ماں سے اپنے لخت جگر کی یہ حالت دیکھی نہ گئی اور اس نے اپنے ہی ہاتھوں سے گلا گھونٹ کر اپنے جگر کے ٹکڑے کو تکلیف سے آزاد کردیا۔ پولیس نے بیٹے کو قتل کرنے والی بے بس ماں کو حراست میں لے کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔