صومالیہ کے آرمی چیف خودکش حملے میں بال بال بچ گئے
موغا دیشو(مانیٹرنگ ڈیسک)صومالیہ کے آرمی چیف جنرل یوسف ریج دارالحکومت موغادیشو میں ایک خودکش حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔الجزیزہ کی رپورٹ کے مطابق جنرل یوسف ریج کا قافلہ موغادیشو میں جارہا تھا کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرانے کی ناکام کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق القاعدہ سے منسلک دہشت گرد گروپ الشباب نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔صومالیہ کی فوج کے ترجمان کرنل عبدیقانی علی نے کہا کہ جنرل یوسف ریج کا وفد موغادیشو کے ضلع ہودان میں فوجی ہسپتال کے قریب پہنچا تھا کہ حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بارود سے بھری کار جب وفد کی طرف تیزی سے بڑھ رہی تھی تو آرمی چیف کے گارڈز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بمبار مارا گیا اور کار دھماکے سے اڑ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور ان کے گارڈ محفوظ رہے۔موغادیشو کی آمین ایمبولیس سروس کا کہنا تھا کہ اس کو ایک شہری کی لاش ملی ہے جبکہ نصف درجن افراد زخمی ہوگئے تاہم ان کی حالت کے بارے میں کچھ نہیں معلوم نہیں۔
آرمی چیف