نااہل حکمران مسلط رہے تو ملک مزید دیوالیہ ہوگا،مولانا فضل الرحمن

    نااہل حکمران مسلط رہے تو ملک مزید دیوالیہ ہوگا،مولانا فضل الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اپنی اہلیت مکمل طور پر کھو چکے ہیں، ان حکمرانوں کا قوم پر مزید مسلط رہنے کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا اگر حکمران مزید مسلط رہے تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل جے یو آئی کراچی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا برصغیر کی تقسیم کیساتھ ہی ہمارے نظام تعلیم کو بھی تقسیم کیا گیا۔سرکار اور مدارس کے نظام تعلیم کو الگ الگ تصور کیا جاتا ہے۔ اس تقسیم کو ایک سازش تو قرار دیا جاسکتا ہے لیکن اس پر ان کے پاس کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ ہمارے مدرسے کا کوئی استاد اور طالب علم سرکار کے دروازے پر نوکریاں مانگنے نہیں گئے، بلکہ لاکھوں گریجویٹ لوگ سرکار سے نوکریاں مانگنے کیلئے ان دروازوں پر ہیں مگر حکمران پہلے سے برسر روزگار لاکھوں نوجوانوں کو بیروزگار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دین کی بقا کا دار و مدار شخصیات پر نہیں عقیدے پر ہوتا ہے۔ہمارے بزرگوں نے نفرتوں اور تعصبات کے فروغ کو دے کر اسے ذریعہ معاش نہیں بنایا۔ بلکہ وہ محبت و یکجہتی کو فروغ دینے والے تھے۔ بعد ازاں جے یو آئی کے مولانا مولانا فضل الرحمن مدظلہ اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ وہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئے، مولانا فضل الرحمن سندھ کے 10 روزہ دورے پر 4 جولائی کو سکھر پہنچے تھے۔ انہوں نے سندھ کا دس روزہ دورہ بائی روڈ مکمل کیا اور جے یو آئی سندھ کے تحت آل پارٹیز کانفرنس کراچی میں خصوصی شرکت کی۔
مولانا فضل الرحمان

مزید :

صفحہ اول -