لودھراں میں کھلے عام مویشی فروخت کرنے پر پابندی

  لودھراں میں کھلے عام مویشی فروخت کرنے پر پابندی

  

لودھراں (نمائندہ پاکستان)ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا ہے کہ عوامی سہولت کے پیش نظر عید الاضحی کے سلسلے میں 15جولائی سے ضلع بھر کے چار مقامات پر مویشی (بقیہ نمبر53صفحہ6پر)

منڈیاں و سیل پوائنٹس قائم کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ مویشی سیل پوائنٹس کے علاوہ کھلے عام مویشی فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں ہو گی۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر میں عیدالاضحی کے سلسلے میں ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے انتظام و انصرام اور اْنکے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید کرار حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتا ق حسین نائچ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ اینڈ آر اشرف صالح، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر کلیم یوسف، سید وسیم حسن، ملک احمد فراز اعوان، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد اختر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیاں گزشتہ سالوں کی نسبت وسیع جگہوں پر قائم کی جائیں تاکہ سماجی فاصلے کے بنیادی اصول پر عمل درآمد میں کسی طور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں لودھراں، دنیا پور اور کہروڑپکا میں ایک ایک مویشی سیل پوائنٹس قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اڈا پرمٹ پر بھی خصوصی مویشی منڈی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل لودھراں میں مویشی منڈی نیواسٹیڈیم لودھراں کے پاس، تحصیل دنیا پور میں کیٹل مارکیٹ دنیاپور جبکہ تحصیل کہروڑپکا میں میلسی چوک کے نزدیک مویشی منڈی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مقررہ سیل پوائنٹس پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے آنے والے افرا دکورونا وائرس سے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور دوسروں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں مویشی سیل پوائنٹس پر جراثیم کش سپرے، تھرمل سکینگ، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائے گا۔انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں آنے والے تمام افراد کی تھرمل سکینگ بھی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہاکہ مویشی سیل پوائنٹس پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لودھراں، محکمہ لائیو سٹاک اور متعلقہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے خصوصی کیمپ لگائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کی جانب سے کانگو وائرس سے تحفظ و بچاؤ کے حوالے سے بھی ایک آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہر مویشی منڈی میں ضلع و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کنٹرول روم و شکایات سیل بھی قائم کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے اندر جانوروں کی کھلے عام فروخت کی اجازت ہر گزنہیں ہو گی اور نہ ہی مویشی سیل پوائنٹس پر کسی بھی قسم کے کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز لگانے کی اجازت ہو گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید کرار حسین نے کہاکہ سکیورٹی پر مامور پولیس کے جوان سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مویشی خریداری و فروخت کے لئے آنے والے افراد کو میڈیکل ماسک پہننے کی تلقین کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد اور پندرہ سال سے کم عمر کے بچوں کو مویشی منڈی میں آنے کی اجاز ت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ پولیس کی جانب سے مویشی منڈیوں میں جیب کتروں کے سد باب کیلئے حفاظتی اقدامات کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے سلسلے میں تمام تر انتظامات کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔

پابندی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -