پیف سکولز مالکان،اساتذہ کا لاہور میں دھرنا، وزیراعلیٰ برہم

    پیف سکولز مالکان،اساتذہ کا لاہور میں دھرنا، وزیراعلیٰ برہم

  

ملتان (سٹاف رپورٹر ) پیف سکولز مالکان اور اساتذہ کا مسائل حل نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کے سامنے چوتھا دھرنا‘ آئے روز احتجاج سردرد بن گیا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب زچ اورشدید برہم‘ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شمیم آصف کو کھڑے کھڑے فارغ کردیا‘ وزیر تعلیم کو دوسری وارننگ‘ معاملات ٹھیک کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔بتایا (بقیہ نمبر31صفحہ6پر)

گیا ہے کہ پیف سکولز مالکان کا کئی ماہ سے ادائیگیاں نہ ہونے‘ناجائز کٹوتیوں‘انتقامی طور پر مختلف پیف سکولز کا الحاق کینسل کرنے‘پیف سکولز مالکان و اساتذہ کو ذہنی ٹارچر کرنے اور دیگر الزامات پر احتجاج چل رہا ہے اور وہ وزیر اعلی ٰ ہاؤس تونسہ شریف کے سامنے دھرنے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر بھی 3دھرنے دے چکے ہیں۔اس بارے میں چیئر مین پیف /ایم پی اے واثق قیوم عباسی نے احکامات نہ ماننے پر ایم ڈی پیف شمیم آصف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق بھی پیش کی۔گورنر چوہدری سرور‘ وزیر اعلی ٰ سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی نوٹس لے کر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور ایم ڈی پیف شمیم آصف کو ہدایات و تنبیہ جاری کر چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر‘ وزیر اعلی ٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو رپورٹس موصول ہوئیں کہ یہ مسئلہ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور ایم ڈی پیف شمیم آصف کا پیدا کردہ ہے اور ایم ڈی پیف شمیم آصف نے وزیر تعلیم مراد راس کے ساتھ مل کر پیف پارٹنرسکولز کے معاملات بگاڑ ے ہیں۔پیف پارٹنر سکولز میں زیر تعلیم30لاکھ غریب بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے‘ اس ایشو کو میڈیا نے بھرپور انداز میں اٹھایا۔ وزیر اعلی ٰ عثمان بزدار اس سے قبل بھی وزیر تعلیم مراد راس کو تنبیہ کر چکے تھے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے معاملات میں مداخلت بند کی جائے مگر ان کا جواب تھا کہ وہ منسٹر آف ایجوکیشن ہیں‘ انہیں کیسے کہا جاسکتا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔اس پر وزیر تعلیم مراد راس کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا مگر بعض وزرا اور ارکان اسمبلی آڑے آئے اور انہوں نے گورنر اور وزیر اعلی ٰ سے بات کرکے مراد راس کی وزارت بچائی اور معاملات ٹھیک کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر گزشتہ روزپیف سکولز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چوتھی بار پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا جس پر وزیر اعلی ٰ عثمان بزدار نے پیف سکولز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما فرید خان بنگش اوردیگر عہدیداروں کو بلا لیا اور ان کی بات سننے پر کھڑے کھڑے ایم ڈی پیف شمیم آصف کو فارغ کرنے کا حکم دیا اور ان کے تبادلے کا نوٹیفکیشن فوری پیش کرنے کا حکم دے دیا جس پر ایس اینڈ جی اے ڈی نے فوری ایم ڈ ی پیف شمیم آصف کو تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) ندیم سرور کو گریڈ 19سے20میں ترقی دے کر شمیم آصف کی جگہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کو بھی دوسری بار وارننگ دے دی ہے کہ اگر وزارت بچانی ہے تو ایک ہفتے کے اندر معاملات ٹھیک کرلیں کیونکہ معاملات ان کی برداشت سے اب باہر ہوچکے ہیں اور وہ میرٹ سے ہٹ کر کچھ قبول نہیں کریں گے۔

برہم

مزید :

ملتان صفحہ آخر -