جنرل ہسپتال،گزشتہ مالی سال 8لاکھ 52ہزار مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی
لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں گزشتہ مالی سال (2019-20) میں 8 لاکھ 51 ہزار 813 مریضوں کو بلا معاوضہ طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں جوادارے کے موجودہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کے پہلے سال کی کامیابی سے تکمیل ہے۔اس عرصے میں 45019سی ٹی سکین،75012الٹرا ساؤنڈ، 50494ای سی جی اور 44004مائنر آپریشن کیے گئے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائر یکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق نے شعبہ ایمرجنسی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال کا شعبہ حادثات اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہاں پر اکثر کیسز حادثات اور ٹریفک حادثات میں زخمی بالخصوص سر اور دماغ پر چوٹ آنے کے علاوہ میڈیسن، سرجری، گائنی اور ہڈی کے لائے جاتے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔موجودہ پرنسپل کے پہلے ایک سال میں ریکارڈ مریضوں کو اس ادارے میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور کی میڈیکل سہولتیں بہم پہنچائی گئی ہیں جنہیں آنے والے دنوں میں زیادہ بہتر طریقے سے جاری رکھا جائے گا۔پہلے ایک سال کی تکمیل پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں شکر گزارہیں جنہوں نے کورونا جیسے بڑے چیلنج کا سامنا کرنے کی ہمت دی۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور نیک نیتی سے اس ادارے کی بہتر سے بہتر خدمت کے لئے کوشا ں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے زیر نگرانی اداروں میں بہترین ڈسپلن اور اعلیٰ معیار کی طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختلف اہم اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کو اپ گریڈ کرنا بھی اُن کے مشن کا اہم حصہ ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے توقع ظاہر کی کہ تمام شعبوں میں موجودہ ٹیم کی معاونت سے آنے والے دنوں میں مزید بہتری لائیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کی تکمیل کو جاری رکھا جائے گا۔