مہمند ڈیم سے علاقے کی قسمت بدلے گی،عارف احمدزئی

  مہمند ڈیم سے علاقے کی قسمت بدلے گی،عارف احمدزئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام دوست منصوبوں میں حامیوں کی نشاندہی اور انکی بروقت اصلاح کرنے کے عمل کو سراہتی ہے اور اس حوالے سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو خدمات کی بہترین فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے مہمند ڈیم کے حوالے سے ضلع مہمند سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ملاقات میں مہمند ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جنید بھی موجود تھے۔ ضلع مہمند سے آئے وفد کی مطالبات پر ریمارکس دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی ہے کہ جہاں وسائل ہیں سب سے پہلے وہاں کے مقامی لوگوں کا اس پر حق ہے۔ مہمند ڈیم کے ساتھ جتنی بھی روزگار کے مواقع آئیں گے ان پر سب سے پہلا حق ضلع مہمند کے لوگوں کا ہے جو اسے ہر صورت دیا جائے گا۔سیم و تھور کے حوالے سے معاون معدنیات عارف احمدزئی نے وفد سے کہا کہ مقامی لوگ ڈیم بننے کے بعد سیم و تھور کے مسئلے کا شکار نہیں ہوں گے اس بارے میں صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ تمام متاثرین کو بروقت اور ان کی ضرورت کے مطابق سہولیات مہیا کئے جائیں گے۔ تاکہ نہ کوئی بے گھر ہو اور نہ کوئی بے روزگار۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہمند ڈیم کے متعلق عوام پراپیگنڈا پر کان نہ دھریں کیونکہ اس منصوبے سے علاقے کی قسمت بدلے گی۔مہمند ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جنید کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ عوامی شکایات و سوالات کے ازالے کا میکنزم تیار کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کے شکوک وشبہات مقامی سطح پر بروقت حل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کہیں کوئی روزگار کے مواقع ہیں تو اس پر اہل مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے۔ تاکہ مقامی سطح پر لوگ برسر روزگار ہو اور غربت کا خاتمہ ہو۔ضلع مہمند سے آئے وفد نے معاون معدنیات عارف احمدزئی کی جانب سے عوام دوست رویہ اور طریقہ کار اپنانے اور ان کے مسائل متعلقہ اہلکاروں تک پہنچا نے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔