سٹی ٹریفک پولیس کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘163افراد

  سٹی ٹریفک پولیس کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘163افراد

  

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 163 افراد کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کے نوٹسز جاری کئے جبکہ بعد ازاں ان کو تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات بارے آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ وہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاہم تجاوزات مافیا ٹھس سے مس نہیں ہو رہے تھے جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے 163 افراد کو گرفتار کرلیا جن پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -