پرانی ویڈیو گیم کے ذریعے اصلی گاڑیاں چرائی جانے لگیں، ایسا طریقہ کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ننٹینڈو گیم بوائز اور دیگر پرانی ویڈیو گیمز تو آپ کو یاد ہوں گی جو اب قصہ پارینہ بن چکی ہیں لیکن اب ان پرانی ویڈیو گیمز سے ایک ایسا کام لیا جانے لگا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ میل آن لائن کے مطابق ان ویڈیوگیمز میں کچھ تبدیلیاں کرکے انہیں ایسی مہنگی ترین ڈیوائسز میں تبدیل کیا جا رہا ہے جن سے آج کل کی جدید گاڑیاں ’ان لاک‘ کی جا سکتی ہیں۔
ایسی ڈیوائسز کی قیمت 20ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 41لاکھ 90ہزار روپے) تک ہے جن کے ذریعے گاڑیاں ان لاک کرکے چوری کی جاتی ہیں۔ اب چور وہی کام ان پرانی ویڈیو گیمز سے لینے لگے ہیں اور ان کے ذریعے گاڑیاں چوری ہونے کی وارداتیں پیش آرہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان ویڈیو گیمز میں ایسی تبدیلیاں کی جاتی ہیں کہ یہ کار کا ریمورٹ بن جاتی ہیں اور ان کے ذریعے باآسانی گاڑی لاک یا ان لاک کی جا سکتی ہے۔ برطانیہ میں پولیس کی طرف سے اس حوالے سے وارننگ بھی جاری کی گئی ہے اور لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو ایسی ڈیوائسز کے ذریعے چوری ہونے سے بچانے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کریں۔