پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، وہ ہدف جو پاکستان نے مدت ختم ہونے سے 10 سال قبل ہی پورا کرلیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقوام متحدہ نے پاکستان سمیت کئی ممالک کو ایک ہدف دے رکھا تھا جو پاکستان نے مدت ختم ہونے سے 10سال پہلے ہی پورا کر لیا ہے۔ دی نیوز کے مطابق یہ اقوام متحدہ کا ہدف نمبر 13تھا جس کے تحت ممالک کو ہنگامی طور پر ایسے اقدامات کرنے تھے جن سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے سے نمٹا جا سکے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے گزشتہ روز ’یو این سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ رپورٹ 2020‘ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے یہ ہدف 10سال پہلے ہی مکمل کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ”اقوام متحدہ کی طرف سے اس ہدف کے لیے 2030ءتک کی مدت دی گئی تھی لیکن پاکستان نے اس سلسلے میں مثالی کام کیا اور 2020ءمیں ہی یہ ہدف پورا کر لیا ہے، جو کہ ایک بی کامیابی ہے۔کلائمنٹ ایکشن ایس ڈی جی 13کے حصول سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پرعزم طریقے سے اقدامات کر رہا ہے اور زندگی اور زمین کی حفاظت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔“