شادی ہال مالکان کی تکالیف کا احساس ہے لیکن ۔۔۔سندھ حکومت نے واضح اور دوٹوک اعلان کردیا

شادی ہال مالکان کی تکالیف کا احساس ہے لیکن ۔۔۔سندھ حکومت نے واضح اور دوٹوک ...
شادی ہال مالکان کی تکالیف کا احساس ہے لیکن ۔۔۔سندھ حکومت نے واضح اور دوٹوک اعلان کردیا

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کو شادی ہال مالکان کی تکالیف کا پوری طرح اندازہ ہے، ملک کے موجودہ حالات میں تمام شعبہ جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، تاہم انسانی زندگیوں پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ 

ان خیالات کااظہارناصرحسین شاہ نے کمشنر ہاؤس کراچی میں شادی ہال مالکان سےملاقات کے دوران کیاجس میں کمشنرکراچی، افتخار شلوانی، سیکرٹری اطلاعات سندھ اسلم غوری اور شادی ہال مالکان تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ شادی ہال مالکان نے وزیر بلدیات سندھ سے اپنے تحفظات و موجودہ کارونا کرائسز میں کاروبار کی بندش کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ ناصر حسین شاہ کا شرکاء میٹنگ سے کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو موجودہ کاروباری اور معاشی صورت حال کا پوری طرح ادارک اور اندازہ ہے، کورونا کی وبا نے جہاں عالمی سطح پر معاشی بدامنی کے حالات پیدا کئے ہیں وہیں ملک میں لوگوں کی بڑی تعداد کو بیروزگار بھی کردیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کارونا کرائسز کے معاملے پر جو پالیسی وضع کی گئی ہے، حکومت سندھ اس پر عمل کرنے کی پابند ہے تاہم شادی ہال مالکان سمیت تمام کاروباری طبقے کی تکالیف کا سندھ حکومت کو پوری طرح ادراک ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تاجر برادری کے لئے خصوصی ریلیف اقدامات کئے جارہے ہیں، تاہم انسانی جانوں پر کوئی رسک نہیں لے سکتے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فی الوقت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے اور جب تک عدالت عالیہ یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی واضع احکامات نہیں آتے، معاملات کو نہایت ثابت قدمی کے ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے،حکومت سندھ ہمیشہ اپنے عوام اور کاروباری برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاللہ اس وبا کو جلد ملکر شکست دیں گے۔

وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گھروں میں منعقدہ مختصر اور محدود پیمانے پر شادی نکاح اور رخصتی کو نہیں روک سکتے تاہم شادی بیاہ کے حوالے سے ہونے والی دعوتوں پر سختی سے پابندی کرائیں گے۔وزیر اطلاعات نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ اگر شادی ہال کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ آیا تو آپ لوگوں کو اجازت ھے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ شادی ہال کھولنے کے بعد ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے جبکہ خلاف ورزی پر انتظامیہ حرکت میں آئے گی اور سخت اقدامات پر مجبور ہو گی۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -