گستاخانہ مواد کی شکایت ایف آئی اے کی نااہلی، ادارے کو خود کام کرنا چاہیے: اسلام آباد ہائیکورٹ 

گستاخانہ مواد کی شکایت ایف آئی اے کی نااہلی، ادارے کو خود کام کرنا چاہیے: ...

  

 اسلام آ باد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے سے گستاخانہ مواد کی تمام شکایات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرکے سینئر افسر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی، عدالت نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر پر ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس د ئیے کہ گستاخانہ مواد سے متعلق شکایت آتی ہے تو ایف آئی اے تفتیش کرے، جرم بنتا ہے تو ایکشن لیا جائے۔منگل کو سوشل میڈیا پر گستاخا نہ مواد کی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ستمبر 2020 ء کی شکایت پر انکوائر ی افسر کون ہے اوران شکایات کا کیا بنا؟ ایف آئی اے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا شکایت انسداد دہشت گردی ونگ کو بھیجی جس پرکارروائی جاری ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ کیا کام کرنے سے ڈرتے ہیں، درخواست تو آنی ہی نہیں چاہیے،ایف آئی اے کو اپنا کام خود کرنا چاہیے کیونکہ کوئی مسلمان اس معاملے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا اور یہ سب سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ ادارے کام نہیں کرتے،اسلئے عوام کا اعتبار اٹھ رہا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے یہ بھی ریمارکس دئیے کہ ایف آئی اے کو تو بنیا دی حقائق بھی معلوم نہیں۔ عدالت میں درست بات کریں بصورت دیگر گمراہ کرنے پر توہین عدالت کے نوٹسز جاری کریں گے اورعدالت ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرے گی۔ جسٹس عامرفاروق نے کہا عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل کو طلب کیا تھا تو سب ٹھیک سے کام کرنے لگ گئے تھے۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ

مزید :

صفحہ آخر -