اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ، ان کے تمام معاملات کو حل کرنا ترجیحات میں شامل: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ 

اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ، ان کے تمام معاملات کو حل کرنا ترجیحات میں ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کے تمام معاملات کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تارکین وطن پاکستانیوں کے مقدمات کے فیصلے انصاف اور ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے اپنی زیر صدارت ہونے والے عدالت عالیہ لاہور کے اوورسیز پاکستانی سیل کے اجلاس کے دوران کیا اجلاس میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس جواد حسن نے بھی خصوصی شرکت کی چیف جسٹس نے شرکاء سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مزید کہاکہ لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانی سیل کا قیام سابق چیف جسٹس صاحبان کا بہترین اقدام تھا ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال بنایا جائے تا کہ تارکین وطن کو اس سیل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے،قبل ازیں اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹرجسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کے لئے قانون بنایا گیا   ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی صوبائی عدلیہ میں اووسیز پاکستانیوں کے زیر التواء تمام مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے قابلِ عمل لائحہ بنایا جارہا ہے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں درپیش مشکلات پر بھی روشنی ڈالی بعد ازاں شرکاء سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مسٹرجسٹس جواد حسن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے زیر انتظام قائم اوورسیز پاکستانی سیل کی کاوشوں سے تارکینِ وطن پاکستانیوں کو بہت ریلیف ملا  لوگوں کا عدالتوں پر اعتماد بڑھا ہے تاہم ابھی بہت کام کرنا باقی ہے  چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی رہنمائی میں عدالت عالیہ لاہور کے اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال اور موثر بنائیں گے، اجلاس میں ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری مسعود ارشد اور سیشن جج چودھری ہمایوں امتیاز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا  وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن وسیم اختر رامے سمیت اوورسیز پاکستانی کمیشن کے نمائندوں نے اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال بنانے اور تارکینِ وطن پاکستانیوں کے مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں،اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید،ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری مسعود ارشد، پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو چیف جسٹس محمد یار ولانہ، اوورسیز سیل کے فوکل پرسن سیشن جج گوجرانوالہ چودھری ہمایوں امتیاز، ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد، سیکرٹری اووسیز پاکستانی سیل عارف جاوید ڈار اور لاہور ہائی کورٹ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے اجلاس میں وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن وسیم اختر رامے، کمشنر پنجاب اووسیز پاکستانی کمیشن سید خادم عباس شاہ،ڈی جی پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن عشرت اللہ خان، ڈائریکٹر لیگل پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن راجہ زبیر احمد سمیت صوبائی حکومت کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

چیف جسٹس

مزید :

صفحہ آخر -