اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور:عباسیہ کیمپس میں ایک روزہ قومی سیرت سیمینار
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)قرأت اینڈ نعت سوسائٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی سیرت سیمینار بعنوان ”عظمتِ ؐ اور نوجوانان “،(بقیہ نمبر2صفحہ6پر)
گھوٹوی ہال، عباسیہ کیمپس میں پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ کی زیرِ صدارت انعقاد پذیر ہوا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ادارہ علوم اسلامی، پنجاب یونی ورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمدسعد صدیقی اور انچارج ریجنل دعوہ سنٹر، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد، کراچی کیمپس ڈاکٹر سید عزیز الرحمٰن نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمدسعد صدیقی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ”اے ایمان والو“ سے مومنین کو خطاب کرنا اس بات کی طرف اشارہ کرنا ہے کہ تمہارا تعلق اللہ تعالیٰ سے ہے۔ دنیا میں ہر شخص کسی نہ کسی کو معبود مانتا ہے۔ عموماً کسی بھی چیز کی پرستش کرنے والے اُس کی عبادت اُس کے خوف سے کرتے ہیں جیسے سورج اور آگ کو پوجنے والے اُن کے شر سے بچنے کے لیے ایسا کرتے ہیں، لیکن اہلِ ایمان کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو کسی قسم کے خوف سے ماورا ہوکر محض اُس کی محبت میں سرشار ہوکر اپنا معبود برحق مانتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ عظمتِ رسولؐ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی اکرمؐکو اپنا محبوب بنایا، آپؐ ہی کے واسطے سے آپ کا ہر امتی اللہ کا محبوب ہے۔ مہمانِ اعزاز ڈاکٹر سید عزیز الرحمٰن نے حضورؐ سے نسبت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لفظِ نعت، لفظِ سیرت اور لفظِ مدینہ کے اپنے اپنے عمومی معانی ہیں، لیکن جب ان کی نسبت رسول اکرمؐ کی جانب ہوئی تو ان سے مراد صرف حضورؐکی مدح سرائی، واقعات زندگی اور شہر یثرب ہی مراد لیا جانے لگا۔ اگر یہی نسبت کسی فرد کو حاصل ہوجائے تو اس کی عظمت کا اندازہ لگانا ناممکن ہے۔ نبی اکرمؐ نے مکہ میں اسلام کی تقویت کے لیے ایک صفات کے دوافراد کو اللہ تعالیٰ سے مانگا تھا۔ دونوں افراد اپنی صلاحیتوں اور خوبیوں میں یکساں تھے۔پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن نے صدرِ مجلس کی جانب سے مہمانانِ گرامی کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور سیمینار کے کامیاب انعقاد پر آئی یوبی قرأت اینڈ نعت سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد سعید شیخ، ایڈوائزر آئی یو بی قرأت اینڈ نعت سوسائٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمانانِ گرامی کو پر جوش خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ڈاکٹر محمد سعید شیخ نے آئی یو بی قرأت اینڈ نعت سوسائٹی کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ امسال سوسائٹی مختلف مواقع پر پانچ پروگرامز بشمول انٹر نیشنل ویبنار کا انعقاد کرچکی ہے۔
قومی سیرت