سندھ حکومت ٹیکس کا پیسہ بے دردی سے ضائع کررہی ہے،خرم شیرزمان

  سندھ حکومت ٹیکس کا پیسہ بے دردی سے ضائع کررہی ہے،خرم شیرزمان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کلفٹن میں سندھ کے مختلف محکموں کی سرکاری گاڑیوں کا قبرستان بنایا ہوا ہے۔ سندھ حکومت عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دردی سے ضائع کررہی ہے۔ سندھ کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ مہنگی گاڑیوں کی شکل میں گل سڑھ رہا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کلفٹن کے علاقے میں موجود روبی بیچ اپارٹمنٹ کے عقب میں ایک گرانڈ کا دورہ کرتے ہوئے کہیں جہاں سندھ حکومت کے مختلف محکمہ جات کی سینکڑوں نئی اور قیمتی سرکاری گاڑیاں بوسیدہ حالت میں پائی گئیں۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اربوں روپے کی نئی گاڑیاں یہاں دھول چاٹ رہی ہیں۔ یہاں سوزوکی مہران سے لے کر پراڈو تک ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں پڑی ہوئی ہیں۔ زرداری لیگ نے سندھ کے خزانے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے۔ صوبے کے نالائق اعلی ایک طرف فنڈز نہ ہونے رونا روتے رہتے ہیں تو دوسری طرف اربوں روپے ان گاڑیوں پر برباد کررہے ہیں جو بغیر کسی استعمال کے پڑے پڑے خراب ہوگئی ہیں۔ نالائق اعلی بتائیں کہ ان گاڑیوں کا جواب کون دے گا جو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے خرید کر یہاں خراب ہونے کے لئے چھوڑ دی گئی ہیں۔ بلاول زرداری بتائیں کہ آخر وہ اس صوبے کو مزید کتنا برباد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایک طرف سندھ حکومت اپنی نا اہلی اور ناکامی کی وجہ سے عوام کو صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات دینے سے قاصر ہے تو دوسری طرف سندھ کے عوام کا پیسہ اپنی جاگیر سمجھ کر اڑا رہی ہیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -