افغان فوج نے طالبان کا حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کر دیا

افغان فوج نے طالبان کا حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کر دیا
افغان فوج نے طالبان کا حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) افغان وزارت داخلہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغان فوج نے پاکستان سے متصل سرحدی گزر گاہ پر طالبان کے حملے کو پسپا کر دیا ہے ۔

وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا کہ طالبان اسپن بولدک میں سرحدی علاقے کے نزدیک حملہ آور ہوئے لیکن سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی نے ان کے حملے کو پسپا کر دیا۔

ادھر طالبان ترجمان کے مطابق طالبان نے قندھار میں پاکستان کے ساتھ سرحد پر ایک اہم گزر گاہ پر کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

العربیہ کے مطابق پاکستانی سیکورٹی فورسز کے ایک ذمہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا تھا کہ طالبان نے اسپین بولدک اور چمن کے بیچ سرحدی گزر گاہ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ ذمے دار نے واضح کیا کہ "طالبان نے افغان پرچم اتار کر اپنا پرچم لہرا دیا"۔

واضح رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلاء کے بعد افغان طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز میں خونریز جھڑپیں ہو رہی ہیں جبکہ طالبان ملک کے 85 فیصد حصے پر قابض ہونے کا دعویٰ کر چکے ہیں ۔

ادھر عالمی سطح پر بھی طالبان کی پیش قدمی کا اعتراف کیا جا رہا ہے ، برطانوی وزیر دفاع نے افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہونے پر مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

گزشتہ ہفتے امریکی فواج کی جانب سے افغانستان کے سب سے بڑے فضائی اڈے بگرام کو خالی کیا گیا تھا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوجیں رات کے اندھیرے میں خاموشی سے غائب ہوئی تھیں ، بگرام اڈے کے افغان کمانڈر کے مطابق انہیں بھی علم نہیں ہوا کہ امریکی فوجیں کب نکلیں ۔