اپنی گرل فرینڈ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے برطانوی گلوکار ٹام میگھن نے اسی سے شادی کرلی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کم و بیش دو سال قبل اپنی گرل فرینڈ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے برطانوی گلوکار ٹام میگھن نے اسی گرل فرینڈ کے ساتھ بیاہ رچا لیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ابھی دو سال سے کم عرصہ ہی ہوا ہے کہ ٹام میگھن نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر اپنی گرل فرینڈ وِکی ایگر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ وکی کی طرف سے یہ الزام عائد کیے جانے پر ٹام کو اس کے بینڈ سے بھی نکال دیا گیا تھا۔
بعد ازاں ٹام نے دعویٰ کیا کہ وکی پر حملے کے وقت وہ اس قدر نشے میں تھا کہ اب اسے اس حملے کے متعلق کچھ زیادہ یاد بھی نہیں ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان دنوں وہ شراب کے نشے کی لت میں بری طرح مبتلا تھا۔ اس حملے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی تھی جس میں ٹام کو وکی کو پیٹتے ہوئے اور پھر گھر کے باغیچے میں گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
ٹام اور وکی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹام نے اپنی نشے کی لت چھوڑنے کے لیے کٹھن جدوجہد کی ہے اور اب وہ پہلے سے یکسر مختلف انسان بن چکا ہے۔ ٹام اور وکی اب بھی ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا۔ دونوں کی شادی13جولائی کو مارکیٹ ہاربرا رجسٹری آفس لیسیسٹرمیں رجسٹرڈ کی گئی۔ان کی شادی کی تقریب میں قریبی دوست احباب اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔