ممنون حسین نے عملی سیاست میں کب قدم رکھا اور کن عہدوں پر فائز رہے؟

ممنون حسین نے عملی سیاست میں کب قدم رکھا اور کن عہدوں پر فائز رہے؟
ممنون حسین نے عملی سیاست میں کب قدم رکھا اور کن عہدوں پر فائز رہے؟

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین کینسر کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ سنہ 1968 میں عملی سیاست کا آغاز کرنے والے ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے۔

ممنون حسین نے عملی سیاست کا آغاز نورالامین کی پاکستان مسلم لیگ سے کیا۔ اس کے بعد انہوں نے سنہ 1993 میں باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن جوائن کی اور سندھ میں پارٹی کے فنانس سیکرٹری مقرر ہوئے۔ انہیں جون 1999 میں سندھ کا گورنر تعینات کیا گیا تاہم اکتوبر 1999 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد انہیں اس عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ جنرل پرویز مشرف کے مارشل لا دور میں ممنون حسین نے جیل کی ہوا بھی کھائی۔

وہ پردے کے پیچھے رہ کر کام کیا کرتے تھے اور اپنی زندگی میں مسلم لیگ ن کی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ انہیں 2013 کے الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن نے صدارتی امیدوار نامزد کیا۔ انہوں نے 432 ووٹ حاصل کیے اور پاکستان کے 12 ویں صدر منتخب ہوگئے۔ ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کو 77 ووٹ ملے تھے۔ انہوں نے 9 ستمبر 2013 کو صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا اور 8 ستمبر 2018 کو پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے۔

خیال رہے کہ سابق صدر ممنون حسین بدھ کے روز کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے ہسپتال میں داخل تھے۔ ان کے بیٹے کے مطابق انہیں کینسر کا عارضہ لاحق تھا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -